Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource
سنہ 73 یا 74ء کا ذکر ہے کہ اسی طرح ایک دفعہ کسی رئیس لکھنؤ وارد دہلی اور مرزا قربان علی بیگ سالک شاگرد رشید حضرت غالب سے بعض الفاظ کی کراہت، ثقالت اور لطافت کی چھیڑ ہوئی۔ رئیس لکھنؤ نے بر وقت ملاقات حضرت سالک سے ارشاد کیا کہ حضرت آپ کے دلّی والے الفاظ کریہ بولنے سے درگذر نہیں کرتے اور انھیں عین فصاحت سمجھ کر شربت کا سا گھونٹ پی جاتے ہیں۔ مرزا سالک نے فرمایا: بھئی وہ کون سے لفظ ہیں جن کی طرف آپ کا اشارہ ہے ذرا میں بھی تو سنوں۔ اگر در حقیقت کریہ الصوت اور کریہ المعنی ہیں تو میں بھی ان سے اجتناب کروں گا۔ رئیس صاحب نے فرمایا: دور کیوں جائیے ذرا کیچڑ ہی کے لفظ کو ملاحظہ فرمائیے، راے ثقیلہ کا کیسا کریہ اور ثقیل لفظ ان کی زبان پر چڑھا ہوا ہے۔ حضرت سالک نے پوچھا: آپ کے نزدیک اس لفظ کے بجاے کون سا فصیح اور موزوں لفظ ہے؟ کہنے لگے ارے حضرت کیچ بر وزن پیچ، دیکھیے کیسا چھوٹا سا اور سلیس لفظ ہے اور ہمارے کے یہاں یہی بولا جاتا ہے۔ حضرت سالک مسکرائے اور ذرا ستم ظریفی کو کام میں لا کر فرمایا کہ میری راے میں بھی ایسی راے ثقیلہ کو کل الفاظ سے نکال ڈالنا چاہیے لیکن ذرا اتنا اور بتا دیجیے کہ آپ کے ہاں سرین کے معنیٰ میں کس لفظ کا استعمال ہے؟ کیا آپ اس کی راے ثقیلہ کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں؟ یہ فقرہ سنتے ہی ایسے لیے گئے کہ منہ پر ہوائیاں اڑنے لگیں اور یہی کہتے بنی کہ در حقیقت ہمارے کے یہاں بھی یہی راے مثقّلہ بعض الفاظ میں اس قدر مستعمل ہے کہ جن الفاظ کو دہلی میں راے مہملہ سے بولتے ہیں ہم انھیں راے ثقیلہ سے استعمال کرتے ہیں گو یہ استعمال یہاں والوں کے کانوں کو اچّھا معلوم نہ دے مگر جس طرف جمّ غفیر ہو اسی طرف یہ فقیر نام کا امیر بھی ہے۔ مثلا مچھڑ، کنکڑ وغیرہ بہ راے ثقیلہ ہم جائز رکھتے اور فصیح سمجھتے ہیں، لیکن دہی برے، پکورے، پکوریاں وغیرہ بہ راے مہملہ ناجائز اور خلاف فصاحت جانتے ہیں گو آپ کے یہاں بہ راے ثقیلہ اچھا خیال کرتے ہیں۔ چلو ہم دونوں برابر رہے اور اب کسی کو بھی کسی پر اعتراض کی گنجائش نہیں رہی۔ مرزا سالک نے فرمایا: خیر یہی غنیمت ہے کہ آپ کی اڑ تو ٹوٹی کہ آپ نے دہلی اور لکھنؤ کو مساوات کا درجہ بخش دیا ورنہ صاحبان لکھنؤ تو دہلی کی زبان کو زبان ہی نہیں مانتے۔ جس روز یہ لطیفہ ہوا اس کے دوسرے ہی دن منشی بہاری لال مشتاق نے اکمل الاخبار میں یہ ساری کیفیت مع نام درج کر کے گلی گلی اور کوچہ کوچہ میں اس مناظرہ کی شہرت کر دی۔ اکثر لوگ اس لطیفہ کو حضرت غالب کی طرف منسوب کرتے ہیں لیکن یہ غلط ہے کیونکہ ان کا انتقال سنہ 69ء میں ہوچکا تھا اور یہ اس کے پانچ چھ سال بعد کا ذکر ہے۔ چنانچہ اس امر کی دہلی کے ایک مستند رئیس قرابت دار حضرت غالب سے بھی تصدیق ہوئی۔ وہ فرماتے ہیں کہ "مجھے خوب یاد ہے اسی زمانہ میں میری شادی ہوئی تھی اور اکمل الاخبار نے اس کا خوب خاکہ اڑایا تھا"۔
اس میں شبہ نہیں کہ اہل لکھنؤ غیر مانوس، غیر متعارف، دقیق اور بے میل الفاظ کو مستعمل کر لینا ترقّی زبان کا باعث خیال فرماتے اور آورد کو داخل حسنات سجھتے ہیں۔ چنانچہ اسی وجہ سے جو لوگ زبان کی خوبیوں سے واقف ہیں ان کا دہلی اور لکھنؤ کی زبان کے متعلق یہ فیصلہ ہے کہ لکھنؤ کی زبان آورد کے بغیر نہیں بولی جاتی، قافیہ پیمائی اور جگت بازی اس کی جان ہے، لفظی رعایت اس کا دین و ایمان۔
دہلی کی زبان تکلّف سے دور، تصنّع سے نفور، تکلفات سے منزّہ اور نہایت شستہ ہے۔ اگر دہلی زبان کے حق میں شیراز ہے تو لکھنؤ اصفہان، جس طرح شیراز شاہان ایران اور زبان فصیح کا سب سے پہلا اور قدیم دار السلطنت ہے، اسی طرح اصفہان اس کے بعد، طہران سب سے اخیر وقت کا دار الخلافہ ہے۔
ہم نے اوپر لکھا ہے کہ زبان لکھنؤ میں غیر مانوس اور بے میل الفاظ کی بھرتی ہے، اب ہم کہتے ہیں کہ بے جوڑ الفاظ کی آمیزش سے بھی لکھنؤ کو کبھی انکار نہیں ہوا۔ چند الفاظ بطور نمونہ ملاحظہ فرمائیے اور یہ سمجھ لیجیے کہ ہم نظیراً پیش کرتے ہیں نہ کہ اعتراضاً، ورنہ ؎
جو رو کر ابر کو دریا بہا دینے کا دعوی ہے
تو ہم کو اپنے رونے پر رلا دینے کا دعوی ہے
ہوا بمعنی خواہش، جناب احمد علی شوق ؎
گرد جنگل بیچ جنگل میں فضا ہے باغ کی
دیکھ لیں جنگل کو پھر دل کو ہوا ہے باغ کی
گرم خو بجاے تند خو۔ امیر ؎
خدا ہی باندھے ہوا کچھ ایسی کہ دل ہو اس گرم خو کا پانی
ہاتھ فگار کرنا بجاے ہاتھ زخمی کرنا، امیر ؎
ہاتھ گلچیں کے کیے باغ میں کانٹوں نے فگار
علی ہذا آنسو پاک کرنا، آنسو جوش پر آنا، آنکھ اٹھنے آنا، بلّی نانگھنا، آتشک نکلنا، آشنائی کھٹ کرنا، آگ ابلنا، اکھلا پن، آمد آمد پھیلنا، خشم بہنا، آنکھیں پڑ پڑ کرنا، تمھاری قضا پھڑ پھڑا رہی ہے، تلوار خچا خچ چلنے لگی، آنکھیں اگلنا، آنکھوں پاؤں بمعنی آنکھوں کے آگے پاؤں، کسی کے قدم بقدم چلنے کے بجاے پاؤں پر چلنا جیسا کہ حال میں ایک صاحب نے تحریر فرمایا ہے کہ "خدا امّت کے دل میں بھی ایسا ہی اثر ڈالے کہ اس فداے قوم کے پانوں پر چلے" وغیرہ وغیرہ۔ اسی طرح پوربی الفاظ نظم نثر میں مخلوط و آمیز ہوئے ہیں جو اوپر ظاہر کر دیے گئے ہیں۔ پس انھیں وجوہ سے ہم لکھنؤ کو خاص اردو یا ٹھیٹ اردو کا مرکز یا ماخذ نہیں کہہ سکتے، ورنہ باعتبار تصانیف و علم و عروض وغیرہ اس نے خاصی ترقّی کی ہے۔
لکھنؤ کی بحث تو ختم ہوئی اگر اس کو اردو کا مرکز نہ مانا جائے تو کچھ بیجا نہیں، اب لاہور کی طرف توجہ فرمائیے۔ یہ بات کچھ پوشیدہ نہیں ہے کہ زندہ دلان پنجاب نے بلحاظ ترقی مردہ دلان دہلی کو پرے بٹھا دیا ہے اور ان کو پست ہمّتی، سستی، کاہلی، بے علمی، باوجود افلاس لن ترانی نے رہا سہا کھو دیا ہے، مگر اس حالت میں بھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ سرشتی اثر اور اپنی مادری زبان کو کھو بیٹھے، یہاں کی آب و ہوا اور فطرتی مناسبت کو رو بیٹھے۔ ہاں اگر یہاں کی سر زمین، یہاں کی آب و ہوا، یہاں کے گلی کوچے، یہاں کی سی صفائی گلو، حسب مخرج اداے الفاظ کی قوّت اٹھ کر لاہور چلی جائے تو اس کا زبان اردو کے واسطے مرکز قرار دے لینا کچھ قابل اعتراض امر نہیں مگر جس حالت میں لکھنؤ مرکز ثابت نہ ہو سکا اور اس کی قدامت نے بھی مرکز نہ بننے دیا تو لاہور کی تو وہی مثل ہے کے آمدی کے پیر شدی۔ اس میں اردو کے رواج کو کے دن کے راتیں ہوئیں، سب سے پہلے منشی ہر سکھ راے صاحب نے جن کے ہاں منشی نول کشور جیسے اولو العزم اور لائق کارکن تھے۔ غدر سے آٹھ نو برس پہلے بر وقت الحاق پنجاب سنہ 1848ء و 49ء میں اخبار کوہ نور بزبان اردو نکالا اور وہ شمالی ہند کی نسبت ہمارے ہاں زیادہ خریدا گیا۔ 1856ء میں محکمۂ تعلیم قائم ہوا۔ مگر بعد از فتح دہلی جب لاہور پنجاب کا دار الخلافہ قرار پایا اور دہلی اس میں شامل ہو کر 1864ء میں لاہور گورنمنٹ کالج کی، 1866ء میں لاہور مشن کالج کی وہاں بنیاد پڑی۔ 1877ء میں دہلی کالج اجڑا اور ڈاکٹر لیٹنر صاحب کی کوشش سے 1882ء میں پنجاب یونیورسٹی با اختیار ہوئی تو ہر ایک محکمہ میں اردو کا تسلط زیادہ ہونے لگا۔
پنجابی اخبار سنہ 63ء میں نکلا، منشی محمد عظیم اور ان کی لائق اولاد نے زبان دہلی کا چسکہ ڈالنا شروع کر دیا۔ اس کے دو برس بعد یعنی سنہ 65ء میں اخبار انجمن پنجاب کا دور دورہ ہوا، اس کے مضامین کی نفاست، زبان کی سلاست، تصانیف پر معقول تقریظوں وغیرہ نے تمام پنجاب کو ایک دفعہ ہی اردو زبان کا فریفتہ اور شیفتہ بنا دیا۔
Be the first to comment.