Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource
اس سے ہماری یہ غرض نہیں کہ کسی شاعر نے بھی نہیں باندھا۔ جن لوگوں نے مردانہ زبان کا نام ریختہ اور بیگماتی بول چال کا نام ریختی رکھ چھوڑا تھا، انھوں نے اس زمانہ میں شاذ و نادر باندھا ہے۔ اہل لکھنؤ میں سے بحر اور انشا نے صرف ایک ایک شعر میں استعمال کیا ہے اور اہل دہلی میں سے نکہت اور رنگین نے۔ ان کے سوا ذوق، ظفر، مونس، درد، غالب وغیرہ کسی نے بھی اس کا استعمال نہیں فرمایا۔ اگر یہ محاورہ مروّج خاص و عام ہوتا تو کوئی بھی اسے نہ چھوڑتا، اہل لغت کو چونکہ ہر زمانہ کا محاورہ دکھانا منظور تھا انھوں نے بے شک داخل لغات کر دیا، محاورہ کی خوبی میں شبہ نہیں، لیکن آپ نے بے وقت مثال دی۔
پھول کے لفظ پر آپ نے طعنہ مارا تھا یہاں وہ طعنہ بیکار ہوا بلکہ آپ نے جو لکھا ہے کہ "یہاں خیر سے انگارے کو ابھی تک پھول ہی سمجھے بیٹھے ہیں۔" سبحان اللہ کیا اچھا خیال ہے، انگارے کی تعریف بھی جناب کو معلوم نہیں، کیا انگارا اڑ کر جا سکتا ہے؟ یا انگارا اڑ سکتا ہے؟ اگر آپ ان الفاظ کے محل موقع سے واقف ہوتے تو اس جگہ چنگاری، شرارہ یا آگ کا پتنگا تحریر فرماتے۔ دیکھیے اہل زبان اور مقلّد زبان میں کس قدر فرق ثابت ہوا۔ اب دوسری طرح سے اس کا جواب ملاحظہ فرمائیے، جب کوئلے جلتے وقت چٹختے ہیں تو ان کو آپ کیا فرمائیں گے؟ کیا ان کے روشن ذروں کو پھول یا چنگاری یا پتنگے سے تعبیر نہیں کریں گے؟ کبھی آپ نے چراغ کو بھڑکتے ہوئے دیکھا ہوگا تو اس وقت جو روشن پتنگا سا یا اس کی جلتی ہوئی ٹیم نیچے گرتی ہے تو اسے بھی پھول کہتے ہیں یا نہیں؟ کیا توا جس وقت جلتے میں جگمگ جگمگ کرتا ہے تو اسے توا ہنسنا کسی وجہ سے کہتے ہیں یا نہیں؟ آتش بازی کے پھول تو آپ نے ضرور سنے ہوں گے، ان کو انگارا کیوں نہیں کہا؟ پھلجھڑی، ہتھ پھول، مہتابی، انار، جائی جوئی، بتاسے وغیرہ آتش بازی میں نظر اقدس سے گذرے ہوں گے۔ ان میں سے انگارے اچھلتے ہیں یا پھول نکلتے ہیں؟ تیسری مثال اور لیجیے، منہ سے پھول جھڑنا کیوں بولتے ہیں، منہ نہ ہوا کسی باغ کا بوٹا یا گل گلزار وجاہت ہوا۔
ہم نے آپ کے پہلے اعتراض اور اس کی مثال کے متعلق آپ ہی کے فقروں سے تھوڑا سا الزامی جواب دیا تھا، اب آپ اس کی نسبت اور نظیریں بھی ملاحظہ فرما لیجیے۔ زبان دینا کس معنی میں آپ خود بولتے ہیں، کیا زبان کی بوٹی کاٹ کر دے دی جاتی ہے؟ یا زبان نکال کر حوالہ کر دی جاتی ہے؟ یہ وہ لفظ ہے جو آپ کے روزمرّہ میں داخل ہے۔ سانچ کو آنچ نہیں، کیا سانچ کوئی مجسّم چیز ہے، یا کوئی درخت یا از قسم نباتات ہے؟ اسی طرح پیسہ کی آنچ، کیا پیسہ کسی قسم کی آگ ہے؟ تلوار کی آنچ، کیا تلوار کوئی شعلہ ہے؟ آنچ آنا بمعنی صدمہ پہنچنا بھی آپ نے سنا ہی ہوگا، چنانچہ کہا کرتے ہیں کہ تمھارے بچے کو ذرا آنچ آئے تو میرا ذمّہ۔ اب پھول کے چوتھے معنی اور لیجیے کہ پتّی یا برگ کے معنی میں بھی یہ لفظ مستعمل ہے، مثلاً سوکھی میتھی کے دو پھول ڈال دینے سے مچھلی اڑ جاتی ہے، یعنی خوشبودار اور خوش ذائقہ ہوجاتی ہے۔ پوربی زردے یعنی تمباکو کے دو پھول بھی سر پھرا دیتے ہیں، بھنگ کے دو پھول مانگ کر نشہ جما لو، ابھی سیاہی پھیکی ہے دو پھول اور ڈال دو۔ پانچویں اور لیجیے، برص یا کوڑھ کے دھبے اور دو آتشہ شراب کو بھی پھول کہتے ہیں۔ چھٹے معنی بھی ملاحظہ فرمائیے، کانسی دھات کو بھی پھول کہتے ہیں۔ پھول کا کٹورا، پھول کی تھالی سینکڑوں دفعہ سنی ہوگی۔ معلوم نہیں یہ کس درخت اور کس موسم کے پھول ہیں؟ علی ہذا القیاس اس قسم کے سینکڑوں اور بہتیرے استعارے یا محاورے ہیں جو ہر ایک زبان میں کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ کیونکہ زبان کی خوبی انھیں باتوں پر موقوف ہے۔ اور تو اور گنواری یعنی ادنی سے ادنی دہقانی زبان بھی ایسے استعاروں اور محاوروں سے خالی نہیں پائی جاتی، کجا کہ شہری اور خاص کر ٹکسالی زبان ان سے معرّا ہو یا بائی کاٹ یعنی متروک الاستعمال کر دی جائے۔ گنوار لوگ بیوقوف کو بچھیا کا باوا کہتے ہیں، کیا وہ در حقیقت گاؤ زادہ ہوتا ہے؟ پنجاب کے عوام الناس نا فہم کو ڈھگا کہتے ہیں، کیا وہ فی الواقع بیل ہوتا ہے؟ گدھا اسی معنی میں تمام ہندوستان کیا عرب تک میں مستعمل ہے، آپ نے سنا ہوگا الکاتب کالحمار۔ علی ہذا ہری چگ خود غرض کے حق میں، لاد جانا دودھ سے ہٹ جانے کے موقع پر، پسر چرانا پچھلی رات سے ڈھور چرانے لے جانے کو، بیس بسوے بجاے غالباً، سو بسوے یا بیسوں بسوے بجاے بالضرور، شرطی، بیچ کھیت بجاے علانیہ، بیٹی کا باپ بجاے نامرد یا بودا، ٹھور رکھنا بجاے کھیت رکھنا، کام تمام کرنا۔ سوت کے بنولے کر دیے، بنا بنایا کام بگاڑ دیا، قدر گھٹا دی۔ جیوڑی سے گردن گھسنی، تمام عمر نباہ کرنا۔ لٹیا ڈبو دی، بات بگاڑ دی۔ بھاڑے کا ٹٹو، جو بھروسے کے قابل نہ ہو وغیرہ وغیرہ۔ یہ ساری گنواری باتیں اصطلاحات سے خالی نہیں ہیں۔ میسور اور بمبئی کے خیال سے ان سب کو بائی کاٹ فرمائیے، بلکہ دیہاتی تعلیمی کتابوں میں سے بھی نکال دیجیے۔
اب فرمائیے اس مثال سے کس کا گھر جل کر راکھ ہو گیا اور کس نے انگارے کو پھول سمجھا؟ کلکتہ ہو یا بمبئی، لاہور ہو یا پشاور، ملتان ہو یا بلوچستان جہاں کے لوگ اردو کو اردو سمجھ کر بولیں گے، اس کی تصانیف پڑھیں گے، وہ سب جان لیں گے کہ کہاں کون سا محاورہ بولا جاتا ہے۔ اوّل تو آپ کا یہ دعوی ہی غلط تھا کہ دہلی میں پھول پڑنا آگ لگنے کے موقع پر بولا جاتا ہے، جس حالت میں آج کل کے اہل دہلی نے نہیں سنا اور نہ زبان پر لائے تو آپ نے کہاں سے سن لیا؟ یوں فرمائیے کہ ایک اعتراض جڑنا تھا سو جڑ دیا اور وہ بھی بلا تحقیق، بلا مشاہدہ اور بلا تجربہ کسی پرانی کتاب میں دیکھ کر۔
علمی زبان جو شاید خود آپ ایجاد فرمائیں، وہ تو اس لوکل امتیاز کو مٹا دے گی، مگر پہلے آپ نے تو اس لوکل زبان کو اپنے مضمون میں نہ رہنے دیا ہوتا۔ ملاحظہ فرمائیے کہ یہ لوکل محاورے نہیں ہیں تو اور کون سے ہیں جو آپ نے تحریر فرمائے ہیں؟ جوتیاں چٹخاتے پھرنا، خالی موچھوں پر تاؤ دینا، جو جی بچے گا دیکھ لے گا، گھر میں چوہے قلا بازیاں کھا رہے ہیں، پھولنا پھلنا، دقیانوسی محاورے۔ کیا ان کو بمبئی یا میسور والے بخوبی سمجھ لیں گے اور دقیانوس کی تاریخ اور اس کی وجہ تسمیہ پر ان کو فوراً عبور ہوجائے گا، ہرگز نہیں، ہرگز نہیں، تا وقتیکہ اہل زبان کی تصانیف ان کی نظر سے نہیں گذرے گی، آپ کے ان محاوروں کو بھی وہ نہیں سمجھ سکیں گے۔ اور تو اور آپ کی تازہ نظم مسلم یونیورسٹی بھی دہلی کے محاوروں سے خالی نہیں، مثلاً ڈنکا بجانا، جامہ پہننا، چھاتی پر مونگ دلنا، بیل منڈھے چڑھنا وغیرہ۔
اب ذرا اپنے خاص الخاص محاورات پر بھی نظر ڈال لیجیے جس سے معلوم ہو جائے کہ آپ نے با وجودیکہ اصلاح سخن کے مدّعی ہیں کہاں کہاں ٹھوکر کھائی ہے۔ ٹکے بھر کی زبان، اس کی بجاے ٹکا سی یا ٹکا بھر کی زبان فرما سکتے تھے، ٹکے بھر نہیں بولتے اظہار مقدار کے واسطے ایسے موقع پر ٹکا بول سکتے ہیں، حقہ کی متواتر گڑگڑاہٹ پر بے شک کہتے ہیں کہ ٹکے گن رہا ہے۔ "شاہی (سید محمد تقی میر نے اپنے مرغ کے مرثیہ میں جس وقت بلی نے اس کی گردن مروڑ کر پھینک دی اور وہ اس کے پنجوں میں آ کر گری، ایک لطف پیدا کرنے کے واسطے تاج خروس کی مناسبت سے یہ شعر موزوں کیا تھا اور غالباً اسی کی یہاں ریس کی ہے ؎
جھکا بسوے قدم سر خروس بے جاں کا
زمیں پہ تاج گرا ہدہدِ سلیماں کا)
تاج زمین پر گر پڑا" اس کی بجاے شاہی تاج تاراج یعنی غارت ہوا کہتے ہیں۔ "گنے چنے با کمال" اس جگہ صرف گنتی کے با کمال بولتے ہیں۔ "دل جسم کا بادشاہ ہے زبان اس کی وزیر" "دہلی اور لکھنؤ کے محاورے گھس پھٹ کر پرانے ہوگئے"، یہ اس کی جگہ گھس پس کر کہا ہوتا۔ مگر یہ محاورہ بھی عورتوں ہی میں کپڑے کے ساتھ زیادہ مستعمل ہے، چونکہ آپ نے زبان کو اپنے دعوے کے برخلاف کپڑے سے استعارہ فرمایا اس وجہ سے اس پر زیادہ بحث نہیں کی جاتی۔ اس وقت آپ کا ایک شعر بھی یاد آگیا جو ایڈورڈ ہفتم کی وفات پر لکھا ہے، جس میں طوطی بجنا کا محاورہ خاص آپ ہی کا ایجاد ہے ؎
وجاہت آج نوبت اٹھ گئی اڈورڈ ہفتم کی
بجی ہے دھوم سے دنیا میں طوطی جارج پنجم کی
طوطی نہ ہوئی، کوئی ڈھول یا نقارہ ہوا۔ طوطی بولتا ہے ضرور سنا ہے۔
اب میں آپ کے باقی امور کی طرف لگتے ہاتھ چند حق حق باتوں کو تسلیم کر کے اور قابل اعتراض امور کا مختصر جواب دے کے اس مضمون کو ختم کرتا ہوں، ورنہ یہ بحث اس قدر طویل ہے کہ برسوں میں بھی ختم نہ ہو اور ایک اصطلاح یا محاورہ ورق کے ورق سیاہ کرا دے۔
زبان کی صرف اتنی تعریف جامع نہیں کہ "زبان اس طرز و انداز گفتگو کا نام ہے جس سے ایک دوسرے پر خیالات کا اظہار کیا جائے۔" بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ زبان ان الفاظ و کلمات کا نام ہے جن سے اپنا مفہوم دوسروں پر حسب موقع انداز گفتگو کے ساتھ ظاہر کیا جائے، کیونکہ صرف طرز و انداز گفتگو کا نام زبان نہیں ہے بلکہ موقع بھی شرط ہے۔ زمانۂ حال کے ایک نامی لاہوری اردو اخبار میں ہماری نظر سے گذرا کہ نیولا چالاکی سے سانپ پکڑتا ہے، یہ دراصل انگریزی سے ترجمہ ہوا تھا، لیکن چونکہ مترجم کو اس موقع اور محل کا لفظ معلوم نہ تھا اس نے چالاکی ترجمہ کر دیا حالانکہ وہ پھرتی کا موقع تھا۔ گو چالاکی از روے معنی اس کا مترادف ہے مگر اس جگہ محاورے کے برخلاف ہے جس سے نیولے کی صحیح تعریف ادا نہ ہوئی۔ علی ہذا ایک دفعہ یہ فقرہ نظر سے گزرا: "فی الحال مسلمانوں کو اردو زبان کی تحصیل پر چل پڑنا چاہیے"، اہل دہلی جھک پڑنا بولتے۔
ایک حال کی تالیفات کیا، قدامت سے پرانے اور نئے الفاظ میں تغیّر و تبدّل ہوتا آیا ہے، مگر لہجہ نہیں بدلا۔ آپ کا یہ فرمانا آپ کے نزدیک ٹھیک ہوگا کہ "لکھنؤ اور دہلی نے پچاس سال میں کچھ بھی لٹریری ماسٹر تیار نہیں کیے"۔ اگر حضرت شرر غدر سے پیشتر کی پیدائش نہیں ہیں اور غالباً نہ ہوں گے کیونکہ ان کے چہرۂ مبارک سے اتنی بڑی عمر نہیں پائی جاتی تو یہ کس پچاس سال میں شمار ہوں گے۔ علی ہذا سید سجاد حسین صاحب اڈیٹر اودھ پنج وغیرہ۔ رہی دلّی، اس غریب پر اگرچہ غدر کے طفیل یہ آفت آئی کہ اوّل تو یہاں کے نامی علما و فضلا کا صفایا ہوا اور اگر کچھ رہے تو انھیں عدم اطمینان اور فکر معاش نے تنگ کیا۔ سب سے بڑا غضب یہ ہوا کہ دہلی کالج جہاں سے بڑے بڑے لائق لٹریری مین تیار ہو کر نکلتے، صرف بارہ برس دہلی کی ہوا کھا کر لاہور سدھارا۔ اگر مسلمانوں کو اس زمانہ میں بھی انگریزی سے رغبت ہوتی تو دس بارہ برس کے عرصے ہی میں بہت کچھ کر دکھاتے۔ اس کے علاوہ قلعہ کے اجڑنے سے ان کو پیٹ کی پڑ گئی، لٹریری مین کیونکر بنتے۔ جب کسی کام پر کمر باندھ کر اٹھے اگر ایک وقت کی روٹی بھی بے فکری سے مل گئی تو ان کی غفلت، ان کی سستی، ان کی کاہلی نے یہی کہا: "لیٹ رہو مین"۔ جب خدا دے کھلانے کو تو بلائے جائے کمانے کو ؎
اب تو آرام سے گذرتی ہے
عاقبت کی خبر خدا جانے
Be the first to comment.