Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — نذیر اکبر آبادی

کالا پانی (7)

by Admin

9 min read · 1,877 words

Share chapter:

Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

پھانسی کے حکم کی تبدیلی کے بعد ہم ستمبر ۱۸۶۴؁ء سے فروری ۱۸۶۵؁ءتک انبالہ جیل رہے، محمد شفیع کے گھر سے اکثر عمدہ عمدہ کھانا آیا کرتا تھا، ہم اسے جیل میں ایک نعمت غیر مترقبہ سمجھ کر بڑے مزے سے کھایا کرتے اور شکر الٰہی بجا لایا کرتے۔یہاں تک اپنی تعریف لکھتے لکھتے میرا نفس بہت پھول گیا ہے، اور اکثر مقامات پر اپنی تعریف میں مبالغہ کرنا چاہتا ہے، لہذا اپنے نفس کے دو عیب بھی یہاں تحریر کرتا ہوں ؛ تاکہ اس خود پسند موذی کو ذرا ذلّت ہو اور پھر مجھے مبالغہ کی ترغیب نہ دے۔

صاف صاف باتیں
ان دو عیوب میں سے ایک تو یہ ہے کہ جب ہم ایک مقفّل بارک میں سویا کرتے تھے۔ ان دنوں کی بات ہے کہ ایک سپاہی محمد شفیع کے گھر سے پلاؤ لے کر آیا، تو ایک جنگلے کی طرف سے پلاؤ لینے کے لیے چلا گیا، پلاؤ دیکھ کر مجھ سے نہ رہا گیا، ایک بڑی سی بوٹی اٹھا کر منہ میں ڈال لی، اور تھوڑا سا چباکر اسے جھٹ پٹ نگل لینا چاہا، لیکن مال مسروقہ حلق سے نیچے کیسے اترتا؟ بوٹی حلق میں پھنس گئی، نیچے جاتی تھی نہ اوپر آتی تھی، میرا دم گھٹنے لگا اور میں لڑکھڑا کر گرپڑا، میرا گلا ملا گیا تو وہ بوٹی باہر نکل آئی، اور میرے نفس کا یہ عیب سب ساتھیوں کے سامنے ظاہر ہو گیا، اگرچہ محمد شفیع کے ساتھ معاملہ ٹھیک تھا اور ان کی طرف سے ہمیں ہر طرح کی اجازت تھی، لیکن پھر بھی یہ حرکت طفلانہ اور نہایت نا زیبا تھی، لہذا میں نے مال مشتبہ کے حلق سے نیچے نہ اترنے پر شکر الٰہی ادا کیا۔

اس سے بھی بڑھ کر اپنے نفس کی شرارت کا ایک اور واقعہ عرض کرتا ہوں، ہمارے جیل کے ایک ساتھی منشی عبد الغفور خاں بھی تھے جو کہ ہمارے ساتھ انبالہ جیل میں تھے، میرے بھائی کے نام ان کے گھر سے دس روپے کا منی آرڈر آیا، بھائی صاحب دس روپے کا نوٹ لے کر جب میرے پاس آئے تو انھیں بھی رقم کی شدیدضرورت تھی، میں نے منشی عبد الغفور خاں کو اطلاع کیے بغیر وہ نوٹ اپنے بھائی کو دے دیا، اور انہوں نے اپنے کام میں اسے خرچ کر لیا، منشی عبد الغفور خاں کو جب اس کا علم ہوا تو انہوں نے میری کوئی شکایت نہیں کی ؛ کیونکہ وہ برسوں میرے گھر رہے تھے، اور مجھے اپنا بزرگ سمجھتے تھے، اور میں نے جرات بھی اسی بھروسے پر کی تھی ؛ تاہم دوسرے لوگوں نے مجھے ضرور لعن طعن کیا، اس وقت میرے پاس اتنی گنجائش بھی نہیں تھی کہ انھیں دس روپے دے سکتا، پورٹ بلیر پہنچنے کے بعد میرے ہاتھ میں روپیہ آیاتو میں نے انھیں لاہور جیل میں بھیج دیا۔

اپنے نفس کے ان دو عیوب کے اظہار کے بعد میں اللہ رب العزت سے دعاء کرتا ہوں کہ وہ مجھے معاف فرمادے اور میدان حشر میں نیکوں کے سامنے ذلیل نہ کرے۔

مولانا احمد اللہ کی گرفتاری
جن دنوں ہم نے چیف کورٹ پنجاب میں اپیل دائر کر رکھی تھی، ہمارے وکیل مسٹر پلوڈن نے یہ خبر دی کہ اگر تم اپیل کرکے چیف کورٹ پنجاب سے رہا نہ ہوئے تو انگریزوں کا ارادہ ہے کہ وہ مولانا احمد اللہ صاحب کو بھی گرفتار کر لیں گے ؛ چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ جب ہماری اپیل مسترد کردی گئی تو انگریزوں نے سکھلا پڑھا کر ہمیں مولانا احمد اللہ کے خلاف جھوٹے گواہ بنانے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔

تحصیلدار میر مجیب الدین ساکن نارنول، جو رشوت ستانی کے قصور میں انبالہ جیل میں قید تھا، انگریزوں نے اس سے وعدہ کیا کہ اگر تم ان گیارہ آدمیوں میں سے کسی کو مولانا احمد اللہ کے خلاف گواہ بنا دو تو تمھارا قصور معاف کرکے تمھیں دوبارہ تحصیلدار بنا دیا جائے گا؛ چنانچہ اس نے اپنی دنیوی بھلائی کے لیے کارروائی شروع کردی، ہمیں جب اس کا علم ہوا تو ہم نے اپنے ساتھیوں کو سمجھایا کہ بھائیو! ہماری دنیا تو خراب ہو گئی ہے، اب فقط دین باقی رہ گیا ہے، خدارا جھوٹے گواہ بن کر اسے نہ بگاڑو، کہیں ہماری مثال بھی وہ نہ ہوجائے کہ ؏

دونوں طرف سے گئے پانڈے، ادھر حلوا نہ ادھر مانڈے

اس کی دن بھر کی ترغیب سے جس قدر اثر ہوتا وہ ہماری تھوڑی سی نصیحت سے زائل ہو جاتا تھا، اس لیے اس نے انگریزوں سے کہہ دیا کہ جب تک اس جیل میں محمد جعفر اور مولانا یحیی علی صاحب موجود ہیں، کوئی گواہ نہیں بن سکتا؛ چنانچہ مجھے، مولانا صاحب اور میاں عبد الغفار کو سنٹرل جیل لاہور روانہ کر دیا گیا،اور محمد شفیع، عبد الکریم، الٰہی بخش اور منشی عبد الغفور وغیرہ کو انبالہ جیل ہی میں رہنے دیا، ہمارا اس جیل سے روانہ ہونا ہی تھا کہ محمد شفیع اور عبد الکریم وغیرہ سرکاری گواہ بن گئے، اور ان کی جھوٹی شہادت کی وجہ سے وقت کے ولی اللہ، شمس الاسلام حضرت مولانا احمد اللہ صاحب کی تمام جائیداد ضبط کر لی گئی، اور مئی ۱۸۶۵؁ء میں انھیں حبس دوام بعبور دریاے شور کی سزا دی گئی ؛ چنانچہ آپ جون میں ہم سے بھی پہلے انڈمان تشریف لے گئے۔

یہاں یہ بھی ملاحظہ فرمائیے کہ پہلے محمد شفیع کو کس قدر شدید غصّہ کے ساتھ پھانسی کا حکم دے کر اس کی پچاس لاکھ کی جائیداد ضبط کی اور پھر صرف ایک برس بعد گواہی کا حیلہ کرکے اسے رہا کردیا ؛ تاکہ ضبط شدہ جائیداد واپس نہ دینی پڑے، اگر وہ بے چارہ بے قصور تھا جیساکہ ایک سال بعد کی رہائی سے معلوم ہوتا ہے تو بڑے شد و مد کے ساتھ اس کی جائیداد کی ضبطی اور پھانسی کی سزا کیوں تھی؟ اور اگر وہ بہت بڑا مجرم تھا، جیساکہ سیشن جج نے اپنے فیصلہ میں مندرج دلائل سے ثابت کیاتو ایک سال کے بعد رہائی کیوں؟

اس کے بعد ۱۸۷۱؁ء تک امیر خاں صاحب سوداگر چرم، مولوی تبارک علی صاحب، مولوی امیر الدین صاحب ساکن پٹنہ، بنگال اور ابراہیم منڈل ساکن اسلام پور وغیرہ وہابیوں کی گرفتاری کے جس قدر مقدمات پیش ہوئے، ان سب میں ان سرکاری گواہوں کو جھوٹی گواہی دینے کے لیے بلایا جاتا تھا، اور میں نے خود ان گواہوں میں سے ایک کی زبانی سنا تھا کہ جب کبھی ہم جھوٹی گواہی دینے سے انکار کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ تمھیں تو مشروط طور پر صرف اسی لیے رہا کیا گیا تھاکہ تم بوقت ضرورت گواہی دے سکو، یادرکھو اگر تم نے گواہی دینے سے انکار کیا تو تمھیں پہلے وارنٹ پر ہی حبس دوام کی سزا دے کر کالا پانی بھیج دیا جائے گا۔

اہل و عیال سے ملاقات
انبالہ جیل سے لاہور جانے کے لیے جب میں تیار ہوا، تو بیوی بچے ملاقات کے لیے جیل میں آئے، جس دن ملاقات ہوئی رمضان المبارک کا مہینہ اور میں روزے سے تھا، جیل سے باہر ایک کوٹھڑی میں بڑی دیر تک گفتگو ہوتی رہی، میرا گیرو رنگ کا لباس، کمبل کا کرتہ اور پاؤں پابند زنجیر و سلاسل دیکھ کر میرے یہ اقرباء نہایت غمگین و افسردہ ہوئے، میں نے انھیں تسلّی دی اور ہر حال میں دامان ایمان و صبر، مضبوطی سے تھامے رکھنے کی تلقین کی، کوئی سال سوا سال کے بعدآج جب میں نے اپنے بیٹے محمد صادق کو دیکھا، تو وہ ایسا صحت مند تھا کہ میں اسے مشکل سے پہچان سکا، اس سے یہ میری آخری ملاقات تھی، اس کے بعد میں نے اسے دوبارہ اس دنیا میں نہیں دیکھا۔

لاہور جیل کی طرف روانگی
۲۲فروری ۱۸۶۵؁ء کو ہم لاہور جیل کی طرف روانہ ہوئے، جوگیانہ گیروا لباس زیب تن، کالا کمبل اوڑھے ہوئے بیڑی و ہتھکڑی کے زیور سے آراستہ وپیراستہ منزل در منزل اور کوچ در کوچ یہ قافلہ عشاق سوئے منزل رواں دواں تھا، چالیس چالیس قیدیوں پر مشتمل یہ قافلہ تھا، ایک دو گاڑیاں بھی ساتھ تھیں، سب پیدل چل رہے تھے، البتہ کوئی تھک جاتا تو اسے گاڑی پر سوار کر لیا جاتا، ورنہ سب کے سب پاپیادہ خلخال چھن چھناتے عجب شان بے نیازی سے چلے جا تے تھے، برس سوا برس کے بعد جو باہر کی ہوا کھائی تو طبیعت نہایت خوش ہوئی، راستے میں جو چاہتے خرید کر کھاتے جاتے تھے، سفر میں سب سے بڑی نعمت مولانا یحیی علی صاحب کی مصاحبت تھی، جس کے باعث سفر میں بھی دن عید اور رات شب برات ہو گئی تھی۔

قدرت کی کرشمہ سازیاں ملاحظہ فرمائیے کہ جس دن ہم نیاگیروا لباس پہن کر منزل اوّل سے روانہ ہوئے، مہاراجہ مہندر والی پٹیالہ کی برات اسی راستہ سے عین ہمارے سامنے سے گذرتے ہوئے بڑی دھوم دھام کے ساتھ جنوب سے شمال کو جا رہی تھی، سورج طلوع ہو رہا تھا، صبح کا سہانا وقت تھااور فروری کے آخر کے گلابی جاڑے تھے، ایک طرف سورج کی کرنوں میں برات کے سونا چاندی، تاش بادلہ اور ہیرہ مرصع کی چمک، دوسری طرف ہماری لوہے کی بیڑی اور ہتھکڑی کی دمک، ادھر دوشالوں اور کمخواب و بانات کا رنگ، ادھر ہمارے جوگیانہ لباس کی سرخی اور سیاہی کا ڈھنگ، ادھر ہاتھی اور گھوڑوں کی ہنکار، ادھر ہماری بیڑیوں اور ہتھکڑیوں کی جھنکار ایک دوسرے کے مقابل، اس دنیا فانی کی عزت و ذلّت اور مدارج کی کمی بیشی کا فرق عجب خوبی سے دکھلا رہی تھی، ممکن ہے اس وقت اس راجہ نے ہمیں بڑی چشم حقارت سے دیکھا ہو، لیکن میری ہندوستان واپسی سے بہت برس قبل وہ راہئ ملک بقا ہو گیا، وہ ملک بقا جس کی طرف امیر و فقیر دونوں اسی طرح خالی ہاتھ جاتے تھے، جس طرح اس دار فنا میں خالی ہاتھ آتے ہیں، افسوس کہ اس راجہ نے اس عروس دنیا سے بہت ہی کم فائدہ اٹھایا، جس کے لیے اس قدر دھوم دھام کا مظاہرہ کیا تھا۔

ہم جو ایک مدت دراز کے بعد جیل کی تنگ و تاریک کوٹھڑیوں سے نکل کر باہر کھلی فضا میں پہنچے تو ہمیں بھی مہاراجہ پٹیالہ کے براتیوں سے کم خوشی نہ ہوئی ہوگی، ہم ہرنوں کی طرح چوکڑیاں بھرتے چلے جارہے تھے، جن قیدیوں کے پاس کچھ نقدی تھی، وہ راستے میں جو چاہتے خرید کر کھاتے اور خوشی مناتے ہوئے چلے جارہے تھے، ہم لدھیانہ، پھلور،جالندھر اور امرتسر ہوتے ہوئے لاہور پہنچ گئے، آخری منزل لاہور تھی، جب شالامار باغ کے سامنے پہنچے تو ہر ایک نے اپنا اپنا من بھر جو چاہا سو کھایا؛ کیونکہ جیل کی کال کوٹھڑیوں میں معمولی کھانے کے علاوہ اور چیزیں ملنی محال بلکہ جرم تھیں۔

تین بجے شام کے قریب ہم سنٹرل جیل لاہور کے دروازے پر پہنچے، دروازہ پر ہمارے چالان کے تمام قیدیوں کو ایک قطار میں بٹھا دیا گیا تھا، سب سے پہلے ایک کشمیری ہندو داروغہ آیا، جس نے ہم سب کو بغور دیکھااور کسی قدر افسوس بھی کیا، پھر ڈاکٹر گرے سپرنٹنڈنٹ جیل آئے، اس نے بھی سب سے پہلے ہمارا ملاحظہ کیا اور پھر بڑے غصّے سے حکم دیا کہ ان کے پاؤں میں ایک آڑا ڈنڈا بھی ڈال دینا چاہیے ؛ چنانچہ اس حکم کے صادر ہونے کے ساتھ ہی لوہار آہنی ڈنڈے لے کر حاضر ہوگئے، اور ہمارےدونوں پاؤں کے دونوں کڑوں کے درمیان ایک فٹ پانچ گرہ لمبا آڑا ڈنڈا ڈال دیاگیا، از راہ تعصّب یہ ڈنڈا ہمارے لیے ہی تھا، ورنہ جیل میں ہم نے اور کسی قیدی کے پاؤں میں نہیں دیکھا، اس ڈنڈے کی وجہ سے چلنا پھرنا اٹھنا بیٹھنا نہایت مشکل ہو گیااور رات کو پاؤں پسار کر سونا بھی نہایت محال تھا۔

Comments (0)

Be the first to comment.