Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — میر انیس

میر انیس اور مرزا دبیر کا موازنہ (2)

by Admin

9 min read · 1,843 words

Share chapter:

Public domain. میر انیس died in 1874, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

ں بلکہ قندیل کی روشنی سے ہو سکتا ہے۔ پرواز کو طنطنے سے کیا نسبت ہے؟ بلبل کوجبریل سے کیا مناسبت ہے؟ لقب کے بجائے القاب باندھا ہے۔ سرکار ہے ہر مجلس شبیر ہماری مضموں کی طرح بیت ہے جاگیر ہماری آئینہ سکندر پہ ہے تسخیر ہماری ہے مہر سلیمان کی تحریر ہماری تنہا مہ و ماہی پہ نہیں سکہ پڑاہے سورج کا نگینہ بھی انگوٹھی پہ جڑا ہے بیت کا درجہ مضمون سے کم ہے، کیونکہ بیت کی جو خوبی ہے، مضمون ہی کی وجہ سے ہے، اس بنا پریہ تشبیہ کہ مضمون کی طرح بیت ہماری جاگیر ہے، بے معنی ہے۔ جب مضمون جاگیر ہوچکا تو بیت خود ہی جاگیر ہوگئی۔ ٹیپ کا اخیرمصرع بالکل بے معنی ہے۔ پہلے انگوٹھی سے کسی چیز کا استعارہ کرنا تھا، پھر سورج کا نگینہ جڑنا تھا، ورنہ ظاہر ہے کہ ہاتھ میں پہننے کی انگوٹھی پرسورج کا نگینہ جڑنا، کس قدر لغو بات ہے۔ قابل میں سخن کے ہوں، سخن ہے مرے قابل لیکن سخنِ شہرہ فگن ہے مرے قابل رضوان کو جنت یہ چمن ہے مرے قابل موتی کوصدف اوریہ عدن ہے مرے قابل شہرہ ہے یہ تائید شہ جن و ملک سے مضمون مرا گھر پوچھتے آتے ہیں فلک سے ’’سخن شہرہ فگن‘‘ نئی ترکیب ہے۔ رضوان کو جنت، یہ چمن ہے مرے قابل۔ناموزوں ترکیب ہے۔ یا تو یوں ہونا چاہئے تھا کہ رضوان کو جنت چاہئے اورمجھ کو یہ چمن۔ یایوں کہنا تھا کہ رضوان کے قابل جنت ہے اورمیرے قابل چمن۔ چوتھے مصرع کی ترکیب کا بھی یہی حال ہے۔ ٹیپ کے دونوں مصرعے قریباً باہم متناقص ہیں۔ شہرہ بھی انتہا کا ہے، اور مضمون کو گھر پوچھنے کی بھی ضرورت ہے۔ شاید یہ مراد ہو کہ صرف نام مشہور ہو چکا ہے لیکن چونکہ مضامین کو کبھی مرزا صاحب سے روشناسی نہیں ہوئی اورآستانہ مبارک تک پہنچنے کی نوبت نہیں آئی، اس لئے گھر کا پتہ پوچھنا پڑا۔ ہیں وقف ہمیشہ مرے الفاظ ومعانی ہاں قلزم شیریں کا سبھی پیتے ہیں پانی ہر بحر میں ہے بحر طبیعت کی روانی ہے زور سخن، شور پہ، موجوں کی زبانی قطرے سے مگر بحث میں میں صرف نہیں ہوں دریا ہوں سخن کا، میں تنک ظرف نہیں ہوں تیسرے مصرع کا مطلب مشکل سے سمجھ میں آ سکتا ہے، مقصد یہ ہے کہ زور سخن شور پر ہے، لیکن اس بات کو میں نہیں کہتا بلکہ موج کی زبان کہتی ہے۔ ’’بحث میں صرف ہونا‘‘ کون سا محاورہ ہے۔ ٹیپ کے دوسرے مصرع میں ’’میں‘‘ کا لفظ محض فضول ہے، پہلے مصرع میں ’’میں‘‘ کا لفظ آ چکا ہے۔ خامہ ہے فروتن مرا افراط ادب سے جھک کر شرفا اور نجبا ملتے ہیں سب سے نخوت کے معانی ہیں الگ لفظوں کے لب سے جس طرح سے بد اصل جدا نیک نسب سے دشمن سے بھی ہم قطع نہیں کرتے حیا کو مانندِ غبار اٹھتے ہیں تعظیم ِ ہوا کو پہلے مصرع میں خاکساری اور انکساری کے بجائے ادب کہا ہے، حالانکہ دونوں میں بہت فرق ہے۔ تیسرے مصرع کی ترکیب اور لفظ کے لب کا استعارہ سابق و لاحق کی سادگی وصفائی سے نہایت بے گانہ ہے۔ شیریں سخنی کا ہنر اکبر سے لیا ہے اس ذرے میں سب، مہر حسینی کی ضیا ہے بے مہری فلاک سے گو خاک بہ سر ہوں ہاں عیب بڑا یہ ہے کہ میں اہل ہنر ہوں ’’گو خاک بہ سر ہوں‘‘ کا جواب، ’’ہاں عیب بڑا یہ ہے‘‘ کس قدر بے جوڑ ہے؟ ’’میں‘‘ کا لفظ بالکل حشو ہے۔ مرزا صاحب کا ایک اور نہایت مشہور مرثیہ ہے، کس شیر کی آمد ہے کہ رن کانپ رہا ہے رن ایک طرف چرخ کہن کانپ رہاہے رستم کا جگرزیر کفن کانپ رہا ہے خود عرش خداوند زمن کانپ رہاہے شمشیر بہ کف دیکھ کے حیدر کے پسر کو جبریل لرزتے ہیں سمیٹے ہوئے پر کو ہیبت سے ہیں نہ قلعہ افلاک کے دربند جلاد فلک بھی نظر آتا ہے نظربند داہے کمر چرخ سے جوزا کاکمربند سیارے ہیں غلطاں صفت طائر پربند انگشت عطارد سے قلم چھوٹ پڑا ہے خورشید کے پنجے سے علم چھوٹ پڑا ہے یہ دونوں بند اپنے اندازمیں پورے ہیں۔ اب تیسرا بند ملاحظہ ہو، خود فتنہ و شر پڑھ رہے ہیں فاتحہ خیر کہتے ہیں ’’انا العبد‘‘ لرز کر صنم ودیر جاں غیر، بدن غیر، مکیں غیر، مکاں غیر نے چرخ کا ہے چرخ، نہ سیارے کی ہے سیر سکتے میں فلک خوف سے مانند زمیں ہے جز بخت یزید، اب کوئی گردش میں نہیں ہے ’’انا العبد‘‘ کس قدر سلاست کے خلاف ہے؟ یہ مصرع۔۔۔ جاں غیر، بدن غیر، مکیں غیر، مکاں غیر۔۔۔ اس بند میں کس قدر بے گانہ واقع ہوا ہے؟ بے ہوش ہے بجلی پہ سمند ان کا ہے ہشیار خوابیدہ ہیں سب طالع عباس ہے بیدار پوشیدہ ہے خورشید، علم ان کا نمودار بے نور ہے منہ چاند کا، رخ ان کا ضیا بار سب جزو ہیں، کل رتبے میں کہلاتے ہیں عباس کونین پیادہ ہے، سوار آتے ہیں عباس یہ بند اوپر کے بند سے دفعتاً اس قدر بے تعلق ہو گیا ہے کہ مطلب سمجھنا مشکل ہے۔ ’’ان کا‘‘ مشارالیہ حضرت عباس ہیں، لیکن چونکہ حضرت عباس کا ذکر صرف پہلے بندوں میں آیا تھا، جس سے تین بندوں کا فاصلہ ہے، اس لئے ذہن اس طرف جلدی منتقل نہیں ہوتا۔ مضمون کی بے ربطی کی یہ کیفیت ہے کہ ایک طرف توہل چل کی وجہ سے بجلی کوبے ہوش قرار دیا ہے، دوسری طرف فرماتے ہیں کہ سب خوابیدہ ہیں۔ ٹیپ کی بندش کی سستی خود ظاہر ہے۔ چمکا کہ مہ و خور، زر
و نقرہ کے عصا کو سر کاتے ہیں پیر فلک پشت دو تا کو عدل آگے بڑھا، حکم یہ دیتا ہے قضا کو ہاں باندھ لے ظلم وستم و جور و جفا کو گھر لوٹ کے بغض و حسد و کذب و ریا کا سرکاٹ لے حرص و طمع و مکر و دغا کا ان استعارات میں جو لطافت ہے، وہ ظاہر ہے۔ ہم مناسب سمجھتے ہیں کہ ایک مشہور اور معرکے کے مرثیے کے متعدد بند اس موقع پرنقل کریں، جس سے مرزاصاحب کی طرز بندش کے تمام محاسن و معائب کا پورا اندازہ ہو سکے۔ یہ مرثیہ وہ ہے جس کو مرزا صاحب کے نام ور معتقدین اکثر مجالس میں بڑے فخر کے ساتھ پڑھتے ہیں۔ پرچم ہے کس علم کا شعاع آفتاب کی؟ پانی ہے کس پھر ہرے سے ہمت سحاب کی؟ یہ شان ہے نشان رسالت مآب کی چوب علم کلید ہے جنت کے باب کی نقشہ علم کے پنجے میں اللہ کا ملا بندوں کو اس نشاں سے نشان خدا ملا صبح جہاد شاہ ثریا جناب ہے فوج حسین بن کے ظفر ہم رکاب ہے مشرق سے واں علم، علم آفتاب ہے یاں نور کا نشاں، علم بوتراب ہے روشن علم سے آئینہ مشرقین ہے مشرق میں شمس، عکس نشان حسین ہے طوبا کی شاخ تیشہ قدرت نے کی قلم اور نور نخل طور بھرا اس میں یک قلم کی صادقوں کی راستیِ قول اس میں ضم بے پردہ ہو کے عفو بنی پوشش علم جب باندھ کر پھرہرے کوسیدھا علم کیا صانع نے پردے میں ید طولا علم کیا دامن ہے کبریا کا سر ا پردہ جلال ماہی مراتب اس سے ہے شاہوں کا پایمال بپھرا ہوا ہے شیر پھرہرے کا بے جدال شیر فلک کو دیکھ کے ہوتا ہے لال لال تسخیر غرب و شرق اسے کیا محال ہے پنجہ ہے آفتاب، تو ناخن ہلال ہے نور خدا سے قالب خیرالامم بنا سایہ نبی کا ہوکے مجسم علم بنا واں ابر چترفرق نبی بر قدم بنا یاں پوشش علم وہ سحاب کرم بنا سب کام بند ہوں، جو پھرہرا نہ وا رہے سچ ہے خدا کے فیض کا چشمہ کھلا رہے اب رایت زبان سے مضمون علم کروں اورمعنی بلند کالشکر بہم کروں مجلس میں ذکر شقہ حال علم کروں رایت میں سلک نظم کے پرچم کوضم کروں مشاقوں کو زیارت رایت ضرور ہے اس رایت نبی کی درایت ضرور ہے جب شاہ انبیا کو ہوئی خواہش علم آئی ندا فلک سے ابھی بھیجتے ہیں ہم جاری ہوا یہ حکم خداوند محترم ہاں قدسیو! علم کی درستی کرو بہم تیار مرے دوست کی خاطر نشاں کرو یعنی علم کی فکر سے خاطر نشاں کرو تعقید مرزا صاحب کے کلام کی ایک خصوصیات تعقید بھی ہے۔ وہ جہاں معنی آفرینی اور دقت پسندی پر زیادہ توجہ کرتے ہیں، کلام میں پیچیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔ وہ نہایت دقیق اور بلند مضامین پیدا کرتے ہیں، لیکن مناسب الفاظ ہاتھ نہیں آتے، اس لئے مضمون ایک گورکھ دھندا ہو کر رہ جاتا ہے۔ تلوار کی تعریف مد نگہ چشم نیام اوج بر آیا اور صاف ہر اک فرد بشر کو نظر آیا خط کھینچنے کو کلک دوات ظفر آیا یا دوڑ کے ظلمت کی گلی سے خضر آیا واں شور تھا پیدا مہ نو سے مہ نو ہے یاں غل تھا جدا شمع سے یہ شمع کی لو ہے آمد کی دھوم خود ابر ِفلک گرد سواری میں گھرے ہیں دریا میں عدو ڈوب کے دوزح میں ترے ہیں یوں کانپ کے سرداروں کے منہ رن سے پھرے ہیں بت حرص کے طاقِ دلَ اعدا سے گرے ہیں رعشہ ہے فقط، ہاتھ نہیں پاؤں نہیں ہے دہشت کے سبب دھوپ نہیں چھاؤں نہیں ہے سراپا معراج پیمبر کی تو روشن ہے حقیقت یاں دیکھو تہ عرش جبیں چشم کی زینت اترا ہے نبی کے لئے یہ کاسہ رحمت ہم صحبت و ہم کاسہ ہیں معبود سے حضرت اس کاسے میں رتبہ ہے یہ پلکوں کی ثنا کا اک ہاتھ نبی کا ہے اور اک ہاتھ خدا کا اب مومنوں کوعالم بالا کی خبر دوں حل عقدہ مدح سر ا قدس کو بھی کردوں گردوں کومیں نسبت سر پرنور سے گردوں یہ عرش ہو اور عرش بنے رشک سے گردوں اک قامت احمدؐ ہے اسے فوق جہاں پر خورشید سے اک نیزہ سوا ہوگا سناں پر گوغنچہ ہے گوشِ پسرسید خوش خو قربِ ختن زلف سے پر نافے کی ہے بو اور حلقہ گیسو کہ ہے اک نافہ آہو ہے کان کی نکہت سے رگ غنچہ ہراک مو نافے کا شرف غنچے کو کاکل نے دیا ہے اور گوش کے نافے کو یہاں غنچہ کیا ہے خطِ حسن کی خاطر ہے خزاں کا خط فرماں یاں حلقہ خطِ حسن کو ہے چشمِ نگہ باں صرصر سے ہے ایمن یہ چراغ رخ تاباں عارض کو کیا خط نے چراغ تہ داماں گلشن ہے غلط اورغلط ابر بہاری رخ باغ بہاری ہے یہ خط ابر بہاری ایک اورمرثیے میں فرماتے ہیں، نامِ جبیں ہے مشرقِ خورشیدِ ہر امید یاں پھول سرو کو ملیں پھل ہو نصیبِ بید ہے صبح صادق اس کی گواہی سے روسپید مہرقبول کے اثرِ سجدہ سے نوید اکبر نشان سجدہ جبیں پردکھاتے ہیں یاسرنوشت نیر اکبر دکھاتے ہیں کیا شاہ بیت ابروے اکبر کی ہو ثنا یکتا مطالعے میں ہے یہ مطلعِ رسا بیت القصیدہ ہے خم ابروے مصطفا کیا بیت بحثی ان سے کرے ماہِ نو بھلا پیش نگہ یہ بیت ہے اٹھارہ سال سے آتی ہے بوے شیر دہان ہلال سے تشبیہات و استعارات مرزا صاحب کے کلام کا خاص جوہر تشبیہات اور استعارات ہیں۔ اس میں شبہ نہیں کہ وہ اپنی دقت آفرینی سے ایسی عجیب اورنادر تشبیہات اور استعارات پیدا کرتے ہیں، جن کی طرف کبھی کسی کا خیال منتقل نہیں ہوا ہوگا لیکن اس زورمیں وہ ا

Comments (0)

Be the first to comment.