پھر بادِ بہار آئی، اقبال غزل خواں ہو
by Admin1 min read · 126 words
Public domain. محمد اقبال died in 1938, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource
←
پھر بادِ بہار آئی، اقبالؔ غزل خواں ہو (1924)by محمد اقبال
→
2299پھر بادِ بہار آئی، اقبالؔ غزل خواں ہو1924محمد اقبال
پھر بادِ بہار آئی، اقبالؔ غزل خواں ہو
غنچہ ہے اگر گُل ہو، گُل ہے تو گُلستاں ہو
تُو خاک کی مُٹھّی ہے، اجزا کی حرارت سے
برہم ہو، پریشاں ہو، وسعت میں بیاباں ہو
تُو جنسِ محبّت ہے، قیمت ہے گراں تیری
کم مایہ ہیں سوداگر، اس دیس میں ارزاں ہو
کیوں ساز کے پردے میں مستور ہو لَے تیری
تُو نغمۂ رنگیں ہے، ہر گوش پہ عُریاں ہو
اے رہروِ فرزانہ! رستے میں اگر تیرے
گُلشن ہے تو شبنم ہو، صحرا ہے تو طوفاں ہو
ساماں کی محبّت میں مُضمَر ہے تن آسانی
مقصد ہے اگر منزل، غارت گرِ ساماں ہو
سانچہ:PD-Pakistan
Be the first to comment.