میں ہوں عاصی کہ پر خطا کچھ ہوں
by Admin1 min read · 159 words
Public domain. بہادر شاہ ظفر died in 1862, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource
←
میں ہوں عاصی کہ پر خطا کچھ ہوںby بہادر شاہ ظفر
→
1586میں ہوں عاصی کہ پر خطا کچھ ہوںبہادر شاہ ظفر
میں ہوں عاصی کہ پر خطا کچھ ہوں
تیرا بندہ ہوں اے خدا کچھ ہوں
جزو و کل کو نہیں سمجھتا میں
دل میں تھوڑا سا جانتا کچھ ہوں
تجھ سے الفت نباہتا ہوں میں
باوفا ہوں کہ بے وفا کچھ ہوں
جب سے ناآشنا ہوں میں سب سے
تب کہیں اس سے آشنا کچھ ہوں
نشۂ عشق لے اڑا ہے مجھے
اب مزے میں اڑا رہا کچھ ہوں
خواب میرا ہے عین بیداری
میں تو اس میں بھی دیکھتا کچھ ہوں
گرچہ کچھ بھی نہیں ہوں میں لیکن
اس پہ بھی کچھ نہ پوچھو کیا کچھ ہوں
سمجھے وہ اپنا خاکسار مجھے
خاک رہ ہوں کہ خاک پا کچھ ہوں
چشم الطاف فخر دیں سے ہوں
اے ظفرؔ کچھ سے ہو گیا کچھ ہوں
لوا خطا package.lua میں 80 سطر پر: module 'Module:PD' not found۔
Be the first to comment.