Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — نذیر اکبر آبادی

کالا پانی (2)

by Admin

10 min read · 1,921 words

Share chapter:

Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

میں نے اپنی والدہ ماجدہ جو کہ اس وقت بقید حیات تھیں اور اپنی بیوی سے صلاح و مشورہ اور انھیں اپنے فرار پر راضی کرکے یہ داؤ کھیلا کہ میں ۱۲ دسمبر ۱۸۶۳؁ء کو اپنے شہر سے روانہ ہو کر اوّل موضع پیپلی میں، جہاں تحصیل اور تھانہ و غیرہ ہے، آیا اور تحصیل اور پولیس کے ملازمین سے سے بھی رائے لی کہ اب مجھے کیا کرنا چاہیے ؟ سب نے بالاتفاق یہ رائے دی کہ تم انبالہ جاؤ اور وہاں سے دریافت کرو کہ یہ کیا مقدمہ ہے؟ اور کس نے مخبری یہ کی ہے؟

یہ سب صلاح و مشورہ کرنے کے بعد میں بوقت شام براستۂ سڑک کلاں پیپلی سے بظاہر انبالہ کو روانہ ہوگیا، اس وقت بہت سے آدمی چشم محبت اور افسوس سے میری طرف دیکھ رہے تھے، جب میں ایک گھوڑے پر سوار ہو کر چلا تو ہر کسی کو یقین ہو گیا کہ میں انبالہ جا رہا ہوں جب تک دن کی روشنی رہی میں برابر سڑک پر انبالہ کی طرف چلتا رہا، کوئی میل بھر راستہ چلنے کے بعد جب خوب تاریکی پھیل گئی اور مسافر بھی دور دور تک نظر نہ آتے تھے، تو میں نے سڑک کو چھوڑ کر جنگل کی راہ لی اور تھانیسر کے متصل اپنی زمین میں مقررہ جگہ پر ایک بجے رات پہنچ گیا۔

جب وہاں پہنچا تو دیکھا کہ والدہ ماجدہ، بیوی، بچے اور بھائی محمد سعید آخری ملاقات کے لیے انتظار کر رہے ہیں، والدہ سے آخری ملاقات کرکے اور بیوی بچوں کو ساتھ لے کر ایک عمدہ بیلی پر سوار ہو‎ئے اور بتیس میل کا فاصلہ طے کرکے صبح پانی پت پہنچ گئے، میں شہر کے اندر گیا؛ بلکہ سڑک ہی سے بیوی بچوں کو رخصت کر دیا، اس وقت میں جس سے بھی رخصت ہوتا تھا زندگی میں دوبارہ ملنے کی امید نہ تھی، بہیلی والے سے میں نے کہا کہ میرے بیوی بچوں کو پانی پت میں چھوڑ کر تم بہیلی لے کر جمنا پار چلے جانا، یہ بہیلی مع بیلوں کی جوڑی جو تین سو روپیہ سے کم قیمت کے نہیں ہیں، ہم نے تمھیں اس شرط پر بخش دی کہ کسی کو میرے بال بچوں کی خبر نہ دینا اور جب تک یہ معرکہ گرم رہے تھانیسر نہ جانا، جس وقت ڈاک خانہ پانی پت کے سامنے میں ساری عمر کے لیے اپنے بیوی بچوں سے جدا ہوا اور میرا یکّہ ان کے سامنے دہلی کو چلا، وہ حادثہ نا قابل بیان ہے، آج بھی وہ ایک ایک لمحہ میرے ذہن پر نقش ہے، اور شب و روز کی گردشوں کے باوجود میں اسے بھول نہ سکا۔

دہلی
تانگہ کے ذریعہ چالیس میل کا سفر طے کرنے کے بعد، دوسرے دن دہلی پہنچ گیا اور وہاں میاں نصیر الدین کی کوٹھی میں قیام کیا، میاں حسینی ساکن تھانیسر، حسینی ساکن پٹنہ اور عبد اللہ نامی ایک بنگالی سے بھی ملاقات ہوئی، یہ دونوں مؤخر الذکر پٹنہ سے کچھ اشرفیاں لے کر، اسی دن آئَے تھے، میں نے وہ اشرفیاں ان سے لے کر حسینی ساکن تھانیسر کے حوالہ کرتے ہوئے اسے ہدایت کردی کہ جیسے ممکن ہو اس بیت المال کو قافلہ تک پہنچا دو۔

حسینی تھانیسر کو روانہ کرنے کے بعد، میں نے ان دونوں کو اپنے ساتھ پورب لے جانا چاہا؛ کیونکہ معرکۂ امبیلا اور میرے مکان کی تلاشی کے بعد پنجاب میں امن نہیں رہا تھا، اس وقت میں نے عمر کی ابھی تک صرف پچیس بہاریں دیکھی تھیں، لہذا اس شباب کے زمانہ میں مذہبی جوش جنون کی حد تھا اور زمانہ کے نشیب و فراز کا کچھ خیال نہ تھا، بس ایک لگن تھی کہ یہ خدا کا کام ہے، وہ خود اس کی حفاظت کرے گا، اس لیے میرا خیال تھا کہ میری تلاشی انبالہ اور اس کے مغرب میں ہو رہی ہوگی، اس طرف میری تلاش میں کون آئے گا۔

علی گڑھ
اس مذکورہ خیال کے باعث میں نے دہلی پہنچ کر اپنے تئیں مخفی رکھنے کو ضروری نہیں سمجھا، اس لیے آزادی سے گھومنے پھرنے لگا، ایک دفعہ اپنے معمولی لباس میں چاندنی چوک تک بھی گیا ؛ تاکہ سواری کے لیے کرایہ کی شکرم وغیرہ کا انتظام کیا جا سکے، ۱۵ دسمبر کو ہم تینوں کھلم کھلا شکرم پر سوار ہو کر علی گڑھ روانہ ہوگئے، راستہ میں گاڑی بان کو بہت دا انعام و اکرام دے کر چاہا کہ جس قدر ممکن ہو علی گڑھ جلد پہنچ کر ریل پر سوار ہو جائیں، مجھے پختہ یقین تھا کہ جس چال سے آیا ہوں، شاید کوئی مدت تک بھی میری تلاش کو ادھر نہ آئے، میں اپنی تدبیر پر اتنا نازاں تھا کہ تقدیر کا خیال بھی نہ رہا تھا، اب مجھے یہیں چھوڑئے اور پولس انبالہ کی کار روائی سنیے۔

۱۲دسمبرکو جب سپرنٹنڈنٹ پولیس میرے خطوط اور ان آدمیوں کو جو میرے گھر سے ملے تھے، انبالہ لے گیا تو ان کو دیکھ کر گورنمنٹ نے میری گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے، وہی سپرنٹنڈنٹ پارسن جب میرے وارنٹ گرفتاری لے کر دوسرے دن تھانیسر آیا تو اس نے مجھے وہاں نہ پاکر شہر میں آفت مچا دی، سینکڑوں گھروں کی تلاشی ہوئی، پچاسوں مرو و عورت پکڑَ گئے، بوڑھی والدہ بھائی محمد سعید (جو اس وقت صرف بارہ تیرہ برس کا تھا) اور اس کی بیوی کو قید کرکے ان پر سخت تشدد اور مار پٹائی شروع کر دی گئی، پردہ نشین عورتوں کو اس قدر آلام و مصائب کا تختۂ مشق بنایا گیا کہ سن کر دل لرز اٹھتا اور کانپ کانپ جاتا تھا، میری بیوی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ایک جمعیت پانی پت دوڑی مگر مولانا رضی الاسلام کی صاحب کی جوانمرد والدہ کی دلیری سے میری بیوی بچ گئی، ان ظلم و تشدد کا نشانہ بننے والوں میں سے میرا بھائی محمد سعید جو کہ نہایت کم سن، لذت ایمانی سے نا آشنا اور فضائل ثابت قدمی سے سراسر بے بہرہ تھا، اس سخت مار پیٹ کی تاب نہ لا سکا، ڈر گیا اور جان بچانے کے لیے بول اٹھا کہ میرا بھائی دہلی گیا ہے، یہ خود میری بڑِی غلطی تھی کہ ایسے اہم راز پر ایک نا بالغ بچے کو آگاہ کردیا تھا، جس کا نتیجہ میری گرفتاری کی شکل میں برآمد ہوا، جب میرے بھائی نے راز کا انکشاف کردیا تو پارسن سے لے کر گاڑی کے ذریعہ دہلی پہنچ گیا۔

ادھر پنجاب میں جا بجا میری تلاشی شروع ہوگئی، حتی کہ میری گرفتاری کے لیے دس ہزار روپئے کا انعامی اشتہار جاری ہوا، انبالہ کیمپ میں محمد شفیع کے مکان کی بھی تلاشی ہوئی، اتفاق سے وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، بلکہ لاہور گئے ہوئے تھے، ان کے بھائی محمد رفیع اور ان کے کارندے مولانا محمد تقی اور منشی عبد الکریم وہاں موجود تھے، لہذا ان کو گرفتار کر لیا گیا، اور ڈرایا گیا کہ اگر تم صورت حال سے آگاہ نہیں کروگے تو تمھیں تختۂ دار پر لٹکا دیا جائے گا، جان کے ڈر سے محمد رفیع اور محمد تقی نے محمد شفیع کے خلاف شہادت دیدی، اور پولیس کے کہنے کے مطابق گواہی دے کر اپنی جان بچائی، منشی عبد الغفور نے شہادت نہ دی ؛ لہذا انھیں بلا قصور محمد شفیع کے ساتھ عمر قید کر دیا گیا۔

پارسن صاحب دہلی پہنچے تو انہوں نے یہاں بھی آفت مچا دی سراوَں اور شہر کے دروازے بند کر دیے، ہزاروں آدمیوں کی تلاشی ہوئی، پچاسوں آدمی پکڑ ے گئے، اسی پکڑ دھکڑ میں پارسن کو یہ علم ہو گیا کہ میں فلاں شکرم میں سوار ہو کر فلاں وقت دو دوسرے آدمیوں کے ہمراہ علی گڑھ کی طرف روانہ ہوا ہوں، انہوں نے اسی وقت تار برقی کے ذریعہ علی گڑھ میری گرفتاری کے لیے خبر کردی۔

علی گڑھ میں گرفتاری
علی گڑھ میرے گھر سے دو سو میل کے فاصلے پر تھا، جب ہم علی گڑھ پہنچے تو اسی وقت تار پہنچ گیا، لہذا اسی وقت بر لب سڑک پولیس نے آکر ہمیں گھیر لیا اور ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ علی گڑھ کے بنگلے پر لے گئے، اس نے ہمیں مجسٹریٹ صاحب کے پاس بھیج دیا، جہاں مجھے اور میرے دونوں ساتھیوں کو تار کے جواب ثانی آنے تک حوالات میں بند کردیا گیا، اسی دن شام کو جب میں تیمم کرکے نماز پڑھ رہا تھا، پارسن صاحب وہاں پہنچ گئے اور مجھے قید میں دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور حکم دیا کہ “اس کو پھانسی گھر میں نہایت حفاظت کے ساتھ بند کردو”۔ حکم کی فوراً تعمیل کی گئی اور مجھے ایک بڑی تنگ و تاریک اور کال کوٹھری میں بند کر دیا گیا، اور گرد دو تین پہرے دار متعین کر دیے گئے۔

پھانسی گھر میں بند ہو کر مجھے عقل آئی کہ اس فرار اور تدبیر پر فخر خداوند تعالی کی مرضی کے خلاف تھا، اس فرار سے یہ مقدمہ بہت بھاری ہوگیا اور پھر مجھے یا میرے عزیزوں اور دوستوں کو جن تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، وہ اسی فرار نابکار کا ثمرہ تھا، آزمائش کے وقت بھاگ جانا سچّے عاشقوں کا کام نہیں ہوتا۔ بقول حافظ

بیگانہ را چہ کار بود در بلائے غم
آں را رسد کہ خاص بود آشنائے ما

علی گڑھ کے پھانسی گھر میں قید تھا کہ ایک رات پہرے دار پوچھنے لگے : “پھانسی والے مجرم پر بھی صرف ایک پہرہ ہوتا ہے، تم ایسا کیا قصور کرکے آئے ہو کہ جس سے تم پر تین پہرے لگائے گئے ہیں؟ ”

میں نے جواب دیا: “میں جس آقا کا غلام تھا، اس کے حکم کے بغیر بھاگ نکلا؛ لہذا وہ ناراض ہو گیا اور مجھے راستے ہی سے پکڑوادیا”۔

جیل میں ناقص خوراک
جیل کا کھانا سب سے پہلے اسی جیل میں چکھا، جو دو روٹیوں اور تھوڑے سے ساگ پر مشتمل تھا، ساگ میں موٹے موٹے ڈنٹھل تھے، پتی کا نام تک نہ تھا، اس لیے ان کا چبانا بھی دشوار تھا، روٹیوں میں چوتھائی کے قریب ریت اور مٹی ملی ہوئی تھی، خدا کا شکر ادا کرکے اس میں سے تھوڑا بہت کھایا، اس کے بعد وقتاً فوقتاً اکثر جیل خانوں میں رہ کر دیکھا، سب جگہ قیدیوں کو اسی طرح کا کھانا ملتا تھا، در اصل بات یہ ہے کہ قیدیوں کو خوراک کم ملتی ہے، جس سے ان کا پیٹ نہیں بھرتا، جب انھیں گندم پیسنے کے لیے دی جاتی ہے تو وہ بھوک کے مارے سیروں گندم چبا جاتے ہیں یا کچا آٹا پانی میں گھول کر پی لیتے ہیں، اور آٹے کا وزن پورا کرنے کے لیے آٹے میں مٹی یا ریت ملا دیتے ہیں۔

اسی طرح جو عمدہ ترکاری جیل کے باغوں میں پیدا ہوتی ہے، اس کو تو فروخت کر دیتے ہیں یا جیل کے عہدہ دار کھا جاتے ہیں اور ناکارے ڈنٹھل جن کو جانور بھی نہیں کھاتے، کاٹ کاٹ کر قیدیوں کے لیے پکا دیے جاتے ہیں، وہ بھوکے اسی کو غنیمت جان کر ہاتھوں ہاتھ اڑا جاتے ہیں، اگرچہ نئے قیدیوں کو ایک دو دن ضرور دقت ہوتی ہے، مگر جب بھوک سے پیٹ میں قراقر اٹھتے ہیں تو پلاؤ قورمے سے بھی زیادہ اس میں مزہ پاتے ہیں اور کھا جاتے ہیں ؛ کیونکہ دنیا میں اصل مزہ بھوک کا ہے۔

امتحان عشق
دوسرے دن پارسن صاحب خوشی خوشی ہم تینوں آدمیوں کو لے کر بذریعۂ شکرم دہلی روانہ ہوا، شکرم میں سوار ہونے سے پہلے مجھے بیڑی، ہتھکڑی اور طوق پہنا کر اور طوق میں بطور باگ ڈور ایک زنجیر ڈال کر اور اس کا سرا ایک مسلح سپاہی کے ہاتھوں میں دے کر اس کو میرے پیچھے بٹھایا، پارسن صاحب اور دوسرا انسپکٹر پولس میرے دائیں بائیں بھرے ہوئے تمنچوں کی جوڑیاں لے کر اور میرے بدن سے بدن ملا کر بیٹھ گئے، راستے میں پارسن مجھے بار بار کہ رہا تھا کہ اگر تم نے ذرا بھی حرکت کی تو میں اس تمنچے سے تمھیں مار ڈالوں گا۔

Comments (0)

Be the first to comment.