Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — نذیر اکبر آبادی

کالا پانی (3)

by Admin

9 min read · 1,875 words

Share chapter:

Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

علی گڑھ سے دہلی تک کھانا پینا تو درکنار، کسی سخت ضروری حاجت کے لیے بھی ہمیں نہ اتارا گیا، جب نماز کا وقت آتا تو میں اجازت کے بغیر ہی تیمم کرکے بیٹھے بیٹھے اشاروں سے نماز پڑھ لیتا، گاڑی بدستور سوئے منزل رواں دواں رہتی اور وہ چپ چاپ میری نماز کا تماشہ دیکھا کرتے تھے، آخر کار بڑی مصیبت کے ساتھ لوہے میں جکڑے ہوئے، دہلی میں داخل ہوئے، جہاں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس دہلی کے بنگلہ کے ایک تہ خانہ میں ہمیں زندہ درگور کردیا گیا۔

دہلی سے انبالہ تک
دوسرے دن ہمیں دہلی سے کرنال اور کرنال سے انبالہ لے گئے، جب انبالہ پہنچے تو رات بھیگ چکی تھی، ہمیں بے آب و دانہ تین علاحدہ علاحدہ پھانسی گھروں میں بند کردیا گیا، چنانچہ ہم اپریل کے شروع تک یہیں بند رہے۔

دوسرے دن فجر کے وقت سپرنٹنڈنٹ پارسن، میجر بام فیلڈ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اور کپتان ٹائی ڈپٹی کمشنر انبالہ یاجوج ماجوج کی طرح میری کوٹھڑی میں آئے اور مجھ سے کہا کہ تم “اس مقدمہ کا سب حال بتا دو، تو یہ تمھارے لیے بہتر ہوگا” میں نے کہا کہ “میں کچھ نہیں جانتا” پارسن نے پہلے تو مجھے بہت ڈرایا دھمکایا اور پھر مارنا شروع کیا، جب مار انتہا کو پہنچ گئی تو میں گر پڑا، ٹائی صاحب اور جام فیلڈ کوٹھڑی سے باہر کھڑے ہوگئے، جب اس قدر تشدد پر بھی میں نے کچھ نہ بتایا تو وہ سب اس دن مایوس ہو کر چلے گئے، جب میں نے ظلم و تعدی کی یہ کیفیت دیکھی تو مجھے یقین ہو گیا کہ یہ لوگ مجھے زندہ نہیں چھوڑیں گے، میرے ذمہ رمضان المبارک کے کچھ روزے باقی تھے، دوسرے دن سے میں نے ان کی قضا رکھنی شروع کردی۔

دوسرے دن میں روزے سے تھا، علی الصبح پارسن صاحب آیا اور وہی کار روائی شروع کردی، تھوڑی زد و کوب کے بعد مجھے اپنی بگھی میں بٹھا کر ڈپٹی کمشنر ٹائی صاحب کے بنگلے پر لے گیا، جہاں ٹائی اور بام فیلڈ دونوں موجود تھے، انہوں نے بڑی چاپلوسی کی اور کہا کہ ہم تحریری عہد کرتے ہیں کہ اگر تم دوسرے شرکا اور معاونین جہاد کے نام بتادو تو تمھیں سرکاری گواہ بنا کر رہا کردیں گے اور ایک بڑے عہدے پر بھی فائز کر دیں گے بصورت دیگر تمھیں پھانسی کی سزا دی جائے گی، میں نے اس چاپلوسی پر بھی انکار کردیا۔

پھر پارسن صاحب ان دونوں سے انگریزی میں کچھ باتیں کرکے مجھے ایک الگ کمرے میں لے گیا، اور وہیں پھر مارنا شروع کیا، میں کہاں تک لکھوں آٹھ بجے فجر سے آٹھ بجے رات تک مجھ پر اس قدر مار پیٹ ہوئی کہ شاید کسی پر ہوئی ہو، لیکن بفضل الٰہی میں نے سب کچھ برداشت کر لیا اور ہر دم اپنے رب سے دعا کی “اے رب ذو الجلال، یہ امتحان کا وقت ہے تو مجھے ثابت قدم رہنے کی توفیق عنایت فرما”۔ جب وہ ہر طرح مایوس ہو گئے تو لاچا ر ہو کر انہوں نے آٹھ بجے رات مجھے واپس جیل خانہ میں بھیج دیا۔

میں تمام دن روزے سے تھا، بنگلے سے باہر نکل کر درخت کے پتوں سے روزہ افطار کر لیا، جیل میں پہنچ کر جو میرے حصے کا کھانا رکھا ہوا تھا کھایا اور شکر الٰہی بجا کے سو گیا۔

جس دن ٹائی صاحب کے بنگلہ پر مار پیٹ کی لذت اٹھا رہا تھا، اس وقت منشی حمید علی صاحب تھان پوری تحصیلدار نرائن گڑھ اپنے عہدے سے معطل ہوکر باہر برآمدہ میں غمگین بیٹھا تھا، اس کا قصور یہ تھا کہ اس نے چند برس پہلے، اپنے کسی دنیوی معاملہ میں مجھے ایک خط لکھا تھا اور کچہری کے بعض عملہ نے اس سے دشمنی کی بناء پر اس کے معنی غلط بیان کر دیے تھے، میں اس کا غمگین چہرہ دیکھ کر اپنی تکلیف بھول گیا اور دل میں خیال آیا کہ مجھ منحوس اور نالائق کو ایک خط لکھنے کی وجہ سے یہ بیچارہ بے گناہ پکڑا گیا، اگر اس کے بجاے مجھے ہی سزا ہو جائے اور یہ رہا ہو جائے تو یہ بہت بہتر ہے، میں اپنی حالت زار کے باوجود اس کے لیے بہت دعائیں کرتا رہا، آخر کار اللہ تعالی کے فضل سے وہ ناکردہ گناہ بری ہو کر اپنے عہدے پر بحال ہو گیا اور اب تک پنجاب میں اول درجہ کا عہدے دار ہے، اس دن کے بعد پھر کبھی مجھے سرکاری گواہ بننے کی ترغیب نہیں دی گئی۔

جب میری طرف سے قطعی مایوسی ہو گئی تو محمد رفیع اور مولوی محمد تقی کو مخبر بنا کر رہا کر دیا گیا، انھیں کے بیان سے بیچارہ محمد شفیع لاہور سے پکڑا گیاتھا، جس کا اس مقدمہ سے بہت ہی تھوڑا تعلق تھا، پھر ان ہی کی رہبری میں پارسن پٹنہ گیا تھا، جہاں ایشری پرشاد ملازم پولس اور مسٹر ٹیلر سابق کمشنر پٹنہ جسے ۱۸۵۷؁ء میں مولانا احمد اللہ صاحب وغیرہ موحدوں کو بے قصور نظر بند کرنے کے قصور میں برخاست کر دیا گیا تھا، اس کے مددگار ہو گئے، ان کی غیبت سے اس نے مولانا یحیی علی صاحب، مولانا عبد الرحیم صاحب، الٰہی بخش اور میاں عبد الغفور کو گرفتار کرکے انبالہ بھیج دیا۔

پھر پارسن بنگال گیا، جہاں اس نے جا بجا بہت سے لوگوں کو گرفتار کیا، ان میں سے اکثر تو لاکھوں ہزاروں روپیہ خرچ کرکے رہا ہو گئے، اور بہت سے لوگوں کو پھانسی دینے کی دھمکیاں دے کر گواہ بنا لیا گیا، صرف ایک قاضی میاں جان ساکن کارکھلی ثابت قدم رہے، جو گرفتار ہو کر انبالہ آئے ، بصیر الدین علاوَ الدین سودا گران دہلی اور دوسرے بہت سے لوگ دہلی سے بھی گرفتار ہو کر آئے، پشاور سے بنگال کے مشرقی و شمالی کنارے تک شاید کوئی مالدار مسلمان، مولوی یا نمازی بچا ہو، جسے ایک دفعہ پولس نے پکڑ کر، اس کی طاقت کے مطابق اپنی مٹھی گرم نہ کر لی ہو، یہ ہنگامۂ دار و گیر دسمبر سے اپریل تک جاری رہا اور صدہا آدمیوں کو ڈرا، دھمکا اور سکھلا کر گواہ بنا لیا گیا۔

اس پارسن گردی کے زمانہ میں وہ بیچارہ حسینی تھانیسری بھی دہلی سے اشرفیاں لاتے ہوئے پکڑا گیا، اور کل اشرفیاں ضبط کراکے ہمارے ساتھ ہی بے قصور عمر قید ہوا۔

غدّاروں پر نوازشیں
ہم نے دیکھا ہے کہ اس مقدمہ میں بڑے بڑے صاحب لوگوں نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے آئین اور قانون کو طاق نسیان کردیا، مثلا ایشری پرشاد وغیرہ نے اپنے فائدے کے لیے اس مقدمہ کو رسی سے سانپ اور رائی سے پہاڑ بنا دیا، اور ہمیں نپولین یا مہدی سوڈانی جیسا انگریزوں کا دشمن ثابت کرکے اپنا مطلب نکالنا چاہا؛ چنانچہ اسے کامیابی ہوئی اور وہ ایک ادنی عہدے سے ڈپٹی کلکٹر ہو گیا، نیز دھوکہ دے کر سرکار سے بڑی بڑی زمینداری اور جاگیر بھی حاصل کر لی، اسی طرح غزن خان نے اپنے بیٹے کے قافلے کے بھیجنے کا ایک جھوٹا اور فرضی قصہ گھڑ کر حکومت سے ایک دو گاؤں جاگیر لے لیے۔

۱۸۶۳؁ء کے اخیر سے لے کر دس برس تک ہندوستان کے مسلمانوں پر قیامت برپا رہی، مسلمان خوف کے مارے گھر بار چھوڑ کر عرب ممالک میں ہجرت پر مجبور ہو گئے، خود غرضوں خوشامدیوں اور ہمارے دشمنوں نے دل کھول کر ارمان پورے کیے، دس برس تک اخباروں میں یہی قصہ موضوع سخن بنا رہا، برسوں تک اس دار و گیر کے لیے ایک باقاعدہ محکمہ موجود رہا، جس کا کام ہی یہ تھا کہ جس کو چاہا پکڑ لیا، جو چاہا رشوت لے لی اور جس نے رشوت دینے سے انکار کردیا، اپنے معمولی گواہوں سے گواہی دلا کر اسے عمر قید کردیا۔

شیخ الکل میاں نذیر حسین کی طلبی
چیمبرلین صاحب وہابیوں کی اس دار و گیر کے سلسلہ میں کمشنر مقرر ہوئے تھے، اور راولپنڈی ان کا صدر مقام تھا، انہوں نے وہابیوں کی حمایت کے جرم میں شیخ الکل حضرت میاں نذیر حسین محدث دہلوی کو بھی دہلی سے راوَل پنڈی طلب کیا، ابھی کچھ کار روائی شروع نہ ہوئی تھی کہ احکم الحاکمین اور سریع الانتقام کو اپنے برگزیدہ بندوں پر ظلم کی یہ کار روائی پسند نہ آئی اور اس نے چیمبرلین صاحب کی موت ناگہانی کے وارنٹ جاری کرکے اسے اپنے دربار عالی میں طلب کر لیا، اس کی موت کے بعد پھر کسی کو اس خطرناک خدمت کے قبول کرنے کا حوصلہ نہ ہوا، وہ محکمہ ہی ٹوٹ گیا، اور غریب مسلمان اس غیبی تائید کے ساتھ اس آفت ناگہانی سے محفوظ ہو گئے، حضرت میاں صاحب محدث دہلوی جنہیں ہندوستان کے تمام اہل حدیث ممبروں کے نام ظاہر کرنے پر مجبور کیا جا رہا تھا، رہا ہو کر اپنے گھر تشریف لے گئے۔

ہمارے ہندوستانی مسلمان
خود غرض لوگوں نے ہماری بہادر اور دانا سرکار کے دل پر، ان سو دو سو فقیروں کا ڈراور رعب اس قدر جمایا اور اس میں ایسا مبالغہ کیا کہ گویا انگریزی سلطنت کا قلع قمع کرنے والے ہمیں لوگ ہیں اور اس کا اثر جس قدر ہماری فاتح قوم پر ہوا ہے، وہ ڈاکٹر ہنٹر کی کتاب “Our Indian Muslims” کے دیکھنے سے بخوبی معلوم ہوسکتا ہے کہ اس میں کیسے رسی کا سانپ اور رائی کا پہاڑ بنایا گیا ہے اور کن کن لایعنی دلائل سے فاتح اور مفتوح قوم کے درمیان عداوت ثابت کی گئی ہے اور پھر طرّہ یہ کہ علی العموم ہندوستان کے تمام مسلمانوں پر حملہ کیا گیا ہے حالانکہ اس تحریر کے بعد بڑے بڑے موقعوں پر خیر خواہی وخیر سگالی کے جذبات پیدا ہوئے لہذا فاتح اور مفتوح کے دلوں کو بگاڑنے والی یہ کتاب ہرگز قابل اعتبار نہیں ہے۔

جب یہ کتاب چھپ کر آئی، اسی وقت مولوی سید احمد صاحب بہادر سی۔ایس۔آئی نے بڑے دلائل سے اس خیالی پلاؤ ڈاکٹر کی تردید کرکے اس کی دھجیاں اڑا دیں اور ہر دعوی کو اصول ہی سے غلط ثابت کردکھایا لیکن وہابیوں کو اپنا جانی دشمن سمجھنے والے انگریزوں پر ابھی تک اس کتاب کا جادوانہ اثر باقی ہے۔ اگرچہ افغانوں نے پنجاب میں عملداری کے ابتدا ہی میں صدہا بڑے بڑے معزز انگریزوں، میم اور بچوں حتی کہ گورنر جنرل تک کو مار ڈالا۔ اب بھی جہاں موقع پاتے ہیں اپنی وحشیانہ حرکت سے باز نہیں آتے، ان کے مولویوں نے بھی فتوی دے رکھا ہے کہ انگریزوں کا مارنا بڑا ثواب ہے لیکن اس کے باوجود انگریز افغانوں کو اپنا اس قدر دشمن نہیں سمجھتے، جتنا کہ وہابیوں کو، ڈاکٹر ہنٹر کے پیھلائے ہوئے تعصّب کے باعث انہوں نے اپنا دشمن فرض کر رکھا ہے حالانکہ وہابیوں سے کسی انگریز کا قتل تو کجا، کبھی خلاف تہذیب بات بھی سرزد نہیں ہوئی۔

سنہ 1857 ء میں جب کہ بغاوت اپنے عروج پر تھی، وہابیوں نے انگریزوں کی میم اور بچّوں کی حفاظت کی، انھیں اپنے گھر میں چھپایا اور باغیوں سے محفوظ رکھا مگر ڈاکٹر ہنٹر کی کتاب کی وجہ سے دونوں قوموں کے درمیان تعصّب، نفرت اور دشمنی بہت بڑھ گئی ہے، لیکن خدا کا شکر ہے کہ ان گزشتہ پچیس برس کے تجربوں اور وہابیوں کی خیرخواہی نے ڈاکٹر ہنٹر صاحب کی دروغ گوئی کو طشت از بام کردیا ہے، چنانچہ گورنمنٹ ہند کے حکم سے سرکاری تحریرات میں ان کے لیے وہابی کے لفظ کا استعمال یک قلم بند ہوگیا ہے اور آئندہ سے یہ لوگ اپنے پرانے نام محمدی یا اہل حدیث سے پکارے جائیں گے۔ گورنمنٹ کا یہ ایک مستحسن اقدام ہے، اس وجہ سے اگر کبھی موقع آپڑے تو سرکار پر اپنی جان نچھاور کرنے سے بھی یہ لوگ دریغ نہ کریں۔

Comments (0)

Be the first to comment.