Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — نذیر اکبر آبادی

کالا پانی (12)

by Admin

9 min read · 1,826 words

Share chapter:

Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

اس یک صد و پچاس روپے کو بھی جب میں نے کلکتہ سے مال منگوانے کے لیے ایک دوست کے پاس بھیج دیا، تو بنگالی بابؤوں نے مخبری کرکے وہ ہنڈی پکڑوادی ؛ کیونکہ سرکاری ملازم ہونے کی حیثیت سے تجارت نہیں کر سکتا تھا، میں نے مال ایک سوداگر کے نام سے منگوایا تھا اور ہنڈی ایک ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے تھی، طلب مال کے لیے خط میری طرف سے لکھا ہوا تھا، خط بمعہ ہنڈی پکڑا گیااور چیف کمشنر کے پاس پیش ہوا اور یہ میری سزا کے لیے کافی تھا، مگر اللہ تعالی نے اپنے فضل سے مجھے اور ہنڈی دونوں کو بچا لیا، وہ سوداگر جس کے پاس ہنڈی بھیجی گئی تھی، رقم وصول کرکے کلکتہ سے فرار ہوگیا، الغرض اللہ تعالی کو یہ منظور نہ تھا کہ میں تجارت کروں، لہذا اس کے بعد کبھی تجارت کا ارادہ نہ کیا۔

بیوی کا انتقال
اس بیوی کی وفات کے بعد دو برس تک مجرد رہا، جزیرہ ہدو جہاں میری ملازمت اور قیام تھا، عورتوں سے بھرا ہوا تھا، بہت سی عورتوں نے مجھے شکار بھی کرنا چاہا، مگر حفاظت غیبی شامل حال رہی اور اللہ تعالی نے مجھے ہلاک نہ ہونے دیا، گو اپنے عہدہ کی وجہ سے رات دن مجھے ان فاحشوں سے ملنا پڑتا تھا اور طرح طرح کے سرکاری کام لینے پڑتے تھے کہ وہ اکثر میرے گھر بھی آتی جاتی تھیں اور مجھے شکار کرنے کی کوشش بھی کرتی تھیں لیکن جسے خدا رکھے اسے کون چکھےّ؟

میں نے یہ کیفیت دیکھی تو اپنی بیوی کو پانی پت سے پھر بلانا چاہا، لیکن وہ راضی نہ ہوئی اور جب اس نے اپنی رضا کا اظہار کیا تو حاکم وقت نے میری درخواست نامنظور کردی، اس لیے میں نے مجبوراً کسی نیک عورت سے شادی کرنے کا ارداہ کر لیا، اور بارگاہِ الٰہی میں التجا کی کہ اے اللہ جیسے تجھے پسند ہو، پردۂ غیب سے اس کا انتظام فرمادے اور کسی نیک بخت سے میرا سنجوگ کرادے، ابتداء میں تو بعض دوستوں کے مشورہ سے یکے بعد دیگرے دو پنجابی مسلمان عورتوں سے میرے نکاح کی بات چیت شروع ہوئی، مگر طرفین کی رضا مندی اور کسی ظاہری مانع نہ ہونے کے باوجود بات خود بخود موقوف ہو گئی، اس وقت تو معلوم نہ ہو سکا کہ یہ بیل کیوں نہ منڈھے چڑھ سکی؟ لیکن بعد میں جب دوسرے دو آدمیوں سے ان کی شادی ہوئی تومعلوم ہوا کہ وہ صحیح کردار کی مالک نہ تھیں، میں اس حفاظت غیبی پر شکر الٰہی بجا لایا۔

دوسری شادی
ضلع الموڑہ کی برہمن قوم سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو عورت ان دنوں نئی نئی قید ہو کر کالاپانی آئی اور ہدو میں عورتوں کی بارک میں اسے رکھا گیا، وہ نہایت خوش چلن اور حیادارعورت تھی، مگر ہندو دھرم میں نہایت متعصب، کسی مسلمان عورت کے نزدیک کھڑا ہونا یا اس کے کپڑوں کو چھونا بھی اسے گوارا نہ تھا، بارک کی مسلمان عورتیں تو اس کے تعصب کی وجہ سے تنگ آگئ تھیں۔

میں نے ایک دن بر سبیل تذکرہ اس سے کہا کہ اگر تو مسلمان ہو جائے تو دنیا وآخرت دونوں میں تیرے لیے یہ بہتر ہوگا اور دوزخ کی آگ سے بھی تجھے نجات مل جائے گی، میری بات سن کر اس نے نہایت حیرت کا اظہار کیا، لیکن اسے کیا خبر تھی کہ روز اوّل سے میرے بچوں کی والدہ ہونا، اس کے مقدر ہو چکا تھا، شاید یہی وجہ تھی کہ باوجودیکہ وہ کوہستان کے ایک برہمن خاندان میں پیدا ہوئی، جہاں اب بھی مسلمانوں کا نام ونشان نہیں، لیکن وہ ہمیشہ شرک اور بت پرستی سے بیزار رہی، گو اسے بھی اس بیزاری کا سبب معلوم نہ تھا، اس کی وضع قطع اور عادات و اطوار کو دیکھ کر ایک جوتشی برہمن نے اس کی والدہ کو یہ کہہ دیا تھا کہ یہ لڑکی تم سے جلدی جدا ہو جائےگی۔

اپریل ۱۸۶۸؁ء میں جب میری کشمیری بیوی فوت ہوئی، انہی ایام کا تذکرہ ہے کہ اس برہمن عورت پر ایک ناگہانی مقدمہ ہو گیا، جس کے باعث یہ گرفتار ہو گئی، اس اجمال کی مختصر سی تفصیل یہ ہے کہ ایک لڑکی میری اس ہونے والی بیوی کے ساتھ ایک بےآباد کنوئیں کے قریب کھیل رہی تھی، اتفاق سے اس لڑکی کا پاؤں پھسلا اور وہ کنوئیں میں گر کر سخت مجروح ہو گئی، اگرچہ اس میں میری بیوی کا قطعاً کوئی قصور نہیں تھا، لیکن ان دونوں لڑکیوں کے والدین کے درمیان سخت عداوت تھی، لہذا انہوں نے اسی دیرینہ عداوت کی بناء پر اس بے گناہ پر اقدام قتل کا کیس کر دیا، قانونی طور پر یہ مقدمہ اگرچہ اس لائق تو نہ تھا کہ اسے حبسِ دوام کی سزا دی جائے، مگر اس حکیم و قدیر کو اسے میری بیوی بنانا منظورتھا، لہذا اسے اس جرم کی پاداش میں پورٹ بلیر پہنچا دیا۔

گرفتاری کی پہلی شب ہی تھی کہ اس نے بوقتِ سحر خواب میں ایک نورانی چہرہ بزرگ مسلمان کو دیکھا، جس نے اسے ٹھوکر مار کر کہا: “اٹھو نماز پڑھواور دعا کرو، تمھارے لیے قید ہونا بہتر ہے”۔ اس نے ایسی صورت کا کبھی کوئی انسان دیکھا تھا اور نہ نماز و دعا کے الفاظ سے آشنا تھی، گھبراکر بیدار ہوگئی، محافظین میں سے ایک مسلمان سپاہی سے خواب بیان کرکے تعبیر پوچھی تو اس نے کہا کہ تو اس قید میں ضرور مسلمان ہو جائےگی۔

اس وقت یہ تعبیر اس کی طبع نازک پر نہایت گراں گذری اور اسے بالکل غیر ممکن معلوم ہوئی، مگر قبولیت ازلی اور تعبیر رؤیائے حقہ کی بنا پر اس نے میری پیشکش کو قبول کر لیا اور مسلمان ہو کر میرے ساتھ شادی کرنے پر آمادہ ہوگئی۔

اتفاق سے انھیں دنوں رمضان المبارک جلوہ فگن ہو گیا، رمضان کی 27 تاریخ کو میں نے بڑے دھوم دھام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا اور اسے مسلمان بنا لیا، جب اس نے ارکان اسلام اور نماز وغیرہ کے مسائل کو بخوبی سیکھ لیا تو میں نے حاکم وقت کو مطلع کرکے ۱۵ اپریل ۱۸۷۰؁ء کو اس سے شادی کر لی، صدہا آدمیوں نے اس تقریب سعید میں شرکت کی اور خوبی قسمت کی بات یہ کہ حضرت مولانا احمد اللہ صاحب نے خطبہ نکاح پڑھا تھا، دوسرے دن بڑی شان و شوکت سے دعوت ولیمہ کا انتظام کیا گیا، جس میں بہت سے احباب نے شرکت فرمائی۔

اس بیوی کے بطنِ اطہر سے اللہ تعالی نے مجھے دس بچے عطا فرمائے، جن میں سے آٹھ بچے اس وقت تک بقید حیات ہیں، یہ بیوی پورٹ بلیر سے میرے ساتھ ہندوستان بھی واپس آئی، اس نے گذشتہ بائیس برس نہایت حسن رفاقت، اطاعت اور عصمت کے ساتھ بسر کیے ہیں اور توحید و توکل میں بھی یہ بیوی لاثانی ہے۔

چند خطوط
پورٹ بلیر پہنچ کر میں حاجی محمد شفیع صاحب انبالوی کو وقتاً فوقتاً چند خطوط بھی لکھے، جن میں آرام و آسائش کے ساتھ زندگی بسر کرنے، شادی اور ملازمت کا ذکر کیا تھا، کچھ خطوط ان لوگوں کو بھی بھیجے جو بے قصور مسلمانوں کو پھنسا کر نیم رہائی کی شکل میں ذلّت کی زندگی بسر کر رہے تھے، انھیں حسرت میں مبتلا کرنے کے لیے میں نے اپنی راحت اور تائید الٰہی کا مبالغہ آمیز الفاظ میں ذکر کیا، لیکن ان میں سے کسی خط کا بھی جواب نہ آیا۔

اسی اثنا میں مجھے معلوم ہوا کہ کسی نے سرکار کی خیر خواہی کے لیے وہ خطوط گورنمنٹ ہند کو پہنچادیے اور ان پر خوب بحث ہوئی، حتّی کہ سپرنٹنڈنٹ پورٹ بلیر سے بھی صحیح کیفیت کے متعلق استفسار کیا گیا، اگر اللہ کا فضل شامل حال نہ ہوتا، حکام پورٹ بلیر میرے لیے بطور وکیل نہ جھگڑتے اور مراعات کا سلب کر لینا پورٹ بلیر کے قاعدۂ عام کے خلاف نہ ہوتا تو میرے لیے سخت مشقّت کا حکم ہو جانا کچھ بعید نہ تھا، یہ اللہ کا خاص فضل ہی تو تھا، یہ اس کی طرف سے تائید غیبی ہی تو تھی کہ جان لارنس بہادر گورنر جنرل مجھ جیسے غریب قیدی سے سخت مشقت لینے کا متمنی ہو اور مجھے سزا بھی سخت مشقت تا حیات کی مل چکی ہو، لیکن اللہ تعالی ایسے سخت جھمیلوں کے باوجود مجھے سخت مشقت سے بچا لے۔

اللہ کی طرف سے ایک فضل یہ بھی تھا کہ جب ہم پورٹ بلیر پہنچے تو اس وقت یہاں کے سب حاکم مدراس کے تھے، وہ ۱۸۵۷ء؁ کے معرکہ اور وہابیوں کی بغاوت سے واقف نہ تھے، اس لیے ان کے دل صاف اور سینے خالی از تعصب تھے، انہوں نے میرے ساتھ نہایت حسن سلوک کا مظاہرہ کیا؛ بلکہ ہماری خوش چلنی، خوش اخلاقی اور عمدہ کارگزاری کے باعث ۱۸۵۷؁ء کے دیگر قیدیوں کی نسبت زیادہ مراعات سے نوازا۔

جب پہلی مرتبہ داکٹر ہنٹر نے مرچ نمک لگا کر ہمارے مقدمہ کو رسی سے سانپ اور رائی سے پہاڑ بناکر پیش کیا اور لکھ دیا کہ وہابی اور باغی کے ایک ہی معنی ہیں اور بنگال کور کے صاحب لوگ اس جزیرہ میں آنے لگے تو ہم آلام و مصائب کا تختۂ مشق بن گئے، راہ چلتے ہماری طرف اشارے کیے جاتے اور وہ ہمیشہ اس گھا ت میں رہتےکہ انھیں کب کوئی موقع ملے کہ قانونی حیلہ کی آڑ میں ایذا رسانی کے درپے ہوجائیں، لیکن جب خدا تعالی جیسے محافظ حقیقی کی حفاظت نصیب ہو تو کون ہے جو تکلیف پہنچا سکے؟ میں نے بارہا خدا کی نصرت کا مشاہدہ کیا کہ جب کوئی در پے تکلیف ہوا تو محافظ حقیقی نے مدد اور اعانت کا ایسا سامان کر دیا کہ دشمن منہ تکتے رہ گئے۔

ایک جھوٹا مقدمہ
سپرنٹنڈنٹ کرنیل مین کے عہد میں ایک بڑے یورپین افسر کی تحریک سے میرے خلاف اعانت تصرف بے جا کا جھوٹا مقدمہ کر دیا گیا، جس کی وجہ سے کرنیل مین جیسا بے تعصب حاکم بھی مجھ سے برافروختہ ہوگیا اور اس نے مجھے بذریعۂ سمن فوراً عدالت میں طلب کر لیا، اس وقت بہت سے دوستوں نے مشورہ دیا کہ جان بچانے کے لیے جھوٹ بولنا جائز ہے، لہذا تم لا علمی کا اظہار کر کے اپنی جان بچا لو، میں نے دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا: “کچھ بھی ہو میں تو سچ بولوں گا”۔

جب مقدمہ پیش ہوا تو سب سے پہلے مجھے طلب کیا گیا اور کرنیل صاحب نے میرے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیے، میں نے صحیح طور پر حرف بہ حرف بیان کر دیا کہ میرے سامنے مسٹر ہیوڈ اوورسیر مدعا علیہ نے مسمّی حمید خاں جمعدار مدعی کی جائیداد جہاں جہاں پائی، بطور خود ضبط کر کے نیلام اور فروخت کردی اور اس کا زر ثمن خود کھا گیا، میں محرر اسٹیشن ہونے کی وجہ سے اس کے ہمراہ ضرور تھا۔ میرا بیان اس قدر ہوا ہی تھا کہ مسٹر ہیوڈ سے تمام رقم حمید خاں مدّعی کو دلا دی گئی، اور ہیوڈ کو جو کہ چھ سو روپیہ ماہوار کا اوورسیر تھا، ملازمت سے بر طرف کرکے ان جزائر سے بدر کر دیا گیا، میں اپنے سچ کی برکت سے صاف بری ہو کر گھر چلا آیا۔

ان ہی ایام یعنی جنوری ۱۸۶۹؁ء میں لیفٹیننٹ پراتھرو جو اس وقت کرنیل اور قائم مقام چیف کمشنر پورٹ بلیر ہیں، کالے پانی میں اسسٹنٹ ہو کر آئے تھے۔

Comments (0)

Be the first to comment.