Skip to main content
📖

Chapterly

Install it from your browser — no store needed

منتخب کلام — نذیر اکبر آبادی

کالا پانی — continued 12

by Admin

9 min read · 1,861 words

Share chapter:

Public domain. نذیر اکبر آبادی died in 1830, more than 50 years ago, so this text is out of copyright under Pakistan's life-plus-50 term. Text from Urdu Wikisource, which hosts freely licensed works. Source: Urdu Wikisource

عید الاضحیٰ کے موقع پر جھگڑا
اپریل ۱۸۷۹؁ء میں جب عید الاضحی آئی تو ہم نے ایک بیل خریدا او دستور کے مطابق قربانی کا ارادہ کیا، مگر قربانی کے وقت بلوہ کرکے ہندؤوں نے ہم سے بیل چھین لینا چاہا، مگر ہمارے ساتھیوں نے ان کے حملہ کو غیر واجبی قرار دیتے ہوئے بیل دینے سے انکار کر دیا، ہندو حسب عادت بڑے جوش و خروش میں تھے، ہم نے عین اس وقت بیل کو قربان کردیا، سب ہندو بیل کی قربانی کے ساتھ ہماری قربانی کرنے کے لیے ہمارے سروں پر مسلّح ہو کر کھڑے تھے، ہم مسلمان صرف چار پانچ تھے ؛جبکہ ہندو دوسو سے بھی زیادہ تھے، اتنی قلیل جماعت کے لیے یہی قرین مصلحت تھا کہ وہ اتنی کثیر اور پرجوش جماعت کا مقابلہ نہ کریں، مگر مذہبی جوش اور ادائے فرض نے ہمیں بھی مجبور کردیا تھا، جب ہندؤوں کے سامنے بیل ذبح ہوا اور اس کی گردن سے خون کے فوارے بہ نکلے تو انہوں نے بڑا بلوہ کیا اور شور و شغب کے ساتھ آسمان کو سر پر اٹھا لیا، ممکن تھا کہ دس بیس لاشے خاک و خون میں تڑپ جاتے، مگر پولیس اور اوورسیر کے جلد پہنچ جانے کے باعث کشت وخون کی نوبت نہ پہنچی۔

ہندوؤں کی سازشیں
مقدمہ کچہری میں چلنے لگا، ہندو بڑے مالدار، صاحب اقتدار اور حکام کے منہ چڑھے ہوئے تھے،لیکن پراتھرو صاحب کی کوشش اور امداد سے ہم لوگ بچ گئے ؛ میرے میرے خیالات اور سمجھ بوجھ کی کیفیت جو اب ہے، اگر اس وقت بھی یہی ہوتی تو میں بیل کے بجاے بکرے کی قربانی کو ترجیح دیتا اور صدہا آدمیوں کے دلوں کو نہ دکھاتا ؎

مباش در پے آزار و ہرچہ خواہی کن
کہ در شریعت ما غیر ازیں گناہے نیست

قربانی کے اس واقعہ کے بعد پورٹ بلیر کے سب ہندو آپس میں متفق ہوگئے کہ خواہ ہزاروں روپیہ خرچ ہو جائے ہم محمد جعفر کو سخت سزا دلا کر چھوڑیں گے، انہوں نے ساز باز کرکے مونگا لال محرر کو جو میرے ماتحت تھا، اس بات پر آمادہ کر لیا کہ وہ اسٹیشن کے حساب میں تغیرو تبدّل کرکے میرے خلاف چوری اور غبن کا دعوی دائر کردے؛ چنانچہ اس نے نیلام کے ایک حساب میں جو میری معرفت ہوا تھا، کمی بیشی کرکے سو روپیہ کا غبن میرے ذمہ لگا دیا، فارسی اور انگریزی دونوں حسابوں سے ان رقوم کی تصدیق کراکے بہت سے گواہ بھی بنا لیے، اگرچہ ضلع دار کو اس کی خفیہ رپورٹ ہو گئی تھی، مگر ابھی تک مجھے اس کارروائی کا قطعاً علم نہ تھا۔

آخر کار ایک دن اوورسیر نے میرے گھر اچانک چھاپا مارا اور سرکاری حساب کتاب سے متعلق تمام کتابیں اپنی گرفت میں لے لیں، میں نے سمجھا شاید میرے قتل کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، جب مجھے صحیح صورت حال کا علم ہوا اور پتہ چلا کہ دوسرے دن اس کیس کی تحقیق بھی ہو رہی ہے، تو میں نے کسی نہ کسی طرح اپنی زیرِ حراست کتابوں کو ایک گھنٹہ کے لیے حاصل کرکے اور اس ایک گھنٹہ میں جعل سازی کی اس کارروائی کو ملیامیٹ کرکے جو ایک مہینہ میں تیار ہوئی تھی، اپنا حساب ٹھیک کردیا۔

دوسرے دن جزائر انڈمان کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پراتھرو صاحب کے زیر صدارت اجلاس میں تحقیقات شروع ہوئی، جب مدعیوں کی نشاندہی کے مطابق کتابوں میں حساب دیکھا گیا، تو وہ بالکل درست نکلا اور اس میں سر مو فرق نہ تھا، پراتھرو صاحب چونکہ چند روز پہلے قربانی کےمقدمہ میں ہمیں بری کر چکے تھے، اس لیے انہوں نے فوراً کہ دیا کہ یہ مقدمہ اس قربانی والے مقدمہ کے باعث محض عداوت اور دروغ گوئی پر مبنی ہے، اس نے مونگا لال کو چھ ماہ کی سخت قید اور ایک ہندو ریٹر کو ایک درجن کوڑوں کی سزادی اور مجھے بری کردیا۔

ہندو غصے سے لال پیلے ہو رہے تھے، انہوں نے کورٹ میں کھڑے کھڑے مجھ پر ایک دوسرا الزام چوری کا بھی لگا دیا، تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ مونگالال نے سزا پانے کے بعد ہاتھ باندھ کر پراتھرو صاحب سے عرض کیا: “حضور کچھ میری عرض ہے”۔ صاحب نے کہا: “کہو! کیا ہے؟” اس نے کہا کہ حضور نے محمد جعفر کو بازار بنوانے کے لیے لکڑی کے جو سرخ تختے دیے تھے، اس نے انھیں اپنے گھر میں استعمال کر لیا ہےاور ان سے گھر کے دروازے، تخت پوش اور صندوق بنوالیے ہیں، اگر حضور اسی وقت تکلیف گوارا فرمائیں تو میں وہ سب چیزیں محمد جعفر کے گھر سے پکڑوا سکتا ہوں۔

مونگا جب یہ بیان دے رہا تھا تو میں سر جھکائے خداوند تعالی سے دعا کر رہا تھا کہ اس آفت سے بچانا بھی تیرا ہی کام ہے، وہ سب چیزیں مرے گھر میں موجود تھیں اور اگر حاکم مجھ سے پوچھتا تو اثبات میں سر ہلانے کے سوا میرے پاس کوئی جواب نہ تھا، مگر اس مقلب القلوب کی قدرت کاملہ کرشمہ سازی بغور سننے کے قابل ہے کہ مونگا کے جواب میں پراتھرو نے کہا کہ وہ تختہ تو ہم نے اسے دیا ہے، تمھیں مخبری کرنے کا کیا حق ہے، نکل جاؤ کمبخت میری عدالت سے اور مجھ سے فرمایا کہ تم گھر جاؤ اور آئندہ کے لیے ہوشیار رہو!

۱۸۶۹؁ء کا ذکر ہے کہ میرے گھر میں ہدو اسٹیشن کے قیدیوں کی تنخواہ کا مبلغ پانچ سو روپیہ موجود تھا، ایک رات گھر کی کھڑکی توڑ کر ایک چور اندر گھس آیا، میرے پلنگ کے نیچے جلتی ہوئی بتی کو اس نے گل کر دیا، رقم ایک چھوٹے سے صندوقچہ میں تھی جو کہ میری پائینتی کے پاس رکھا ہوا تھا، میں گہری نیند سو رہا تھا، میرا نوکر مراد بھی ایک دوسری کوٹھڑی میں سو رہا تھا، الغرض چور کے راستہ میں کوئی چیز بھی مانع نہ تھی، وہ مال سمیٹ کر جانے کے لیے پر تول رہا تھاکہ اچانک میری آنکھ کھل گئی، میں نے اندھیرا دیکھ کر اور کچھ آہٹ پاکر اپنے خادم مراد کو آوازیں دینا شروع کر دیا، چور خالی ہاتھ اور نامراد ہو کر فوراً بھاگ گیا اور اللہ رب العزت نے میری عزت رکھ لی، اگرسرکاری روپیہ چوری ہو جاتا تو اس میں بظاہر سخت خرابی اور بربادی تھی۔

مارچ ۱۸۷۰؁ءمیں میں نے ایک صد پچاس روپے کی ایک ہنڈی مسڑاسٹراپ اکسٹرااسسٹنٹ کمشنر کے طرف سے منشی غلام نبی کے نام کلکتہ بھیجی تھی، جس کے ذریعے میں اپنی شادی کے لیے بعض ضروری سامان منگوانا چاہتا تھا اور مال بھی ایک دوسرے تاجر کے نام سے منگوانا تجویز کیا تھا؛ کیونکہ میں سرکاری ملازم تھا، مجھے ہنڈی بھیجنے کا اختیار تھا، نہ مال منگوانے کا، یہ سب ناجائز کارروائی مخفی طور پر کی جا رہی تھی۔

جب میں نے خط مع ہنڈی ڈاک میں ڈالا تو میرے دشمن ہندؤوں کوبھی کسی ذریعہ سے اس کی خبر ہو گئی، انہوں نے کرنیل مین چیف کمشنرکو مخبری کرکے اس خط اور ہنڈی کو پکڑوا دیا اور ان کا منصوبہ یہ تھا کہ زرِ ہنڈی کی ضبطی کے علاوہ مجھےسزا بھی دلائی جائے، مجھے جب خط اور ہنڈی کے پکڑے جانے کا علم ہوا تو میں نے فوراً اپنے خدا کے دروازے پر دستک دی اور عرض کیا کہ اے اللہ! اس مشکل سے نجات بھی تو ہی دے سکتا ہے، دعا کے بعد پراتھرو صاحب کے پاس جا کر میں نے سارا حال کہ سنایا اور کہا کہ یہ بھی درحقیقت اسی قربانی والے واقعہ کی وجہ سے عداوت کا نتیجہ ہے، پراتھرو نے کہا: فکر نہ کرو میں کرنیل مین سے ملاقات کرکے صورت حال دریافت کروں گا، الغرض پراتھرو صاحب کرنیل مین کی کوٹھی پر گئےاور ان سے ملاقات کرکے میری ہنڈی اور خط دونوں واپس لے آئے اور مجھے دے دیے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہندو تمھارے دشمن ہیں، تم ہوشیار اور چوکنّا رہا کرو۔

مولانا محمد حسن انڈمان میں
اگست ۱۸۷۰؁ء میں میرا جزیرۂ ہدو سے روس تبادلہ ہو گیا، مئی ۱۸۷۱؁ء کو جب میں جزیرۂ روس میں تھا، مولانا محمد حسن صاحب ہماری ملاقات کے لیے پٹنہ سے پورٹ بلییر آئے اور ایک مہینہ رہ کر واپس وطن تشریف لے گئے۔

ایک دن جب مولانا بڑے ذوق و شوق سے کشتی میں سوار ہو کر مولانا احمد اللہ صاحب کی ملاقات کے لیے روس سے ویپر جا رہے تھے، تو راستہ میں کشتی طوفانِ بادو باراں میں پھنس گئی، قریب تھا کہ گرداب میں ڈگمگاتے ہوئے ڈوب جائے، مولانا کو کشتی کے ڈوبنے کی بجاے زیادہ افسوس یہ تھا کہ مولانا احمد اللہ صاحب کی زیارت نصیب نہ ہو سکے گی، لیکن یہ فقط آزمائش تھی، چند جھونکوں کے بعد طوفان تھم گیااور مولانا بخیریت ویپر پہنچ گئے اور مولانا احمد اللہ صاحب سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

ہماری گرفتاری کے بعد انگریزوں نے مولانا محمد حسن کو بھی پھنسا کر کالے پانی بھیجنا چاہا تھا، مگر اللہ کے فضل سے وہ محفوظ رہے، لیکن اللہ تعالی نے انھیں اس طرح بھی کالے پانی بھیج کر اور مصائب بحری میں مبتلا کرکے اسیران کالا پانی کے اجرو ثواب میں شریک کردیا۔

مارچ ۱۸۷۱؁ء میں چیف کمشنر کرنیل میں ریٹائرڈ ہو گئے اور وہ پنشن پا کر ولایت چلے گئے، اکتوبر ۱۸۷۱؁ء میں جنرل اسٹوارٹ (جو آخر میں ہندوستان کے جنگی لاٹ بھی ہو گئے تھے) چیف کمشنر بن کر انڈمان آئے، اسی کے عہد میں لارڈ میو صاحب بہادر کے حکم سے پورٹ بلیر کے قیدیوں کے لیے بھنڈار کا کھانا مقرر ہوا اور لارڈ میو کا بنایا ہوا وہ قانون بھی جاری ہوا، جس کے باعث پورٹ بلیر کی قید ہندوستان اور ولایت کے جیل خانوں سے بھی زیادہ سخت ہو گئی۔

لارڈ میو انڈمان میں
اسی سپرنٹنڈنٹ کے عہد میں ۸ فروری ۱۸۷۲؁ء کو ہندوستان کے گورنرجنرل لارڈ میو قتل کیے گئے، اس کی مختصر سی تفصیل یہ کہ ۸ فروری ۱۸۷۲؁ء کو لارڈ میو سات بجے کے بعد چار اگنبوٹوں میں جزیرۂ انڈمان آئے، لارڈ صاحب کے ساتھ صدہا یورپین مرد عورتیں تھیں، جو ان جزائر کی سیر و سیاحت کے لیے آئی تھیں، ۸ بجے کے بعد گورنر صاحب اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ پورٹ بلیر کے صدر مقام جزیرۂ روس کی طرف چل پڑے، جب روس پہنچے تو انھیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، جب سلامی دی جا رہی تھی تو جزیرہ کے گھاٹ پر ہزاروں مرد عورتیں آزاد اور قیدی اس منظر کو دیکھنے کے لیے موجود تھے، لارڈ صاحب ٹاپو سے اترنے کے فوراً بعد روس کے بازار آئی لینڈ کی طرف متوجہ ہو گئے، اور بازار، اسکول، ہسپتال، قیدیوں کی بارکیں اور جنگی پلٹن کی بارکیں دیکھنے کے بعد انڈمان کے چیف کمشنر کے بنگلہ پر چلے گئے، وہاں کھانے پینے اور تھوڑا سا آرام کے بعد گورا بارک دیکھنے کے لیے چلے گئے، پھر اپنے اگنبوٹ کو دیکھتے ہوئے ویپر چلے گئے، جہاں بدمعاش قیدیوں کو رکھا جاتا ہے، ویپر کے ملاحظہ کے بعد جزیرۂ چاٹم میں چلے گئے۔

جزیرۂ چاٹم، روس اور ویپرکے درمیان مونٹ ہریٹ کے قریب واقع ہے، یہاں ایک دخانی آرا گھر بھی ہے، لارڈ صاحب نےیہاں سرخ لکڑی کے ایک تختہ کو بہت پسند کیا، چاٹم کی سیر کرتے ہوئے لاٹ صاحب کے دل میں آیا کہ مونٹ ہریٹ کو بھی ملاحظہ کرنا چاہئے، وقت نا مناسب ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ سکریٹری اور چیف کمشنر نے بڑے اصرار سے کہا کہ آج مونٹ ہریٹ نہیں جانا چاہئے، لیکن لاٹ صاحب نہ مانے؛ بلاکہ صحیح الفاظ میں یوں کہنا چاہئےکہ موت نے انھیں نہ ماننےدیا۔

Comments (0)

Be the first to comment.